3132سکیمیں،1240ارب روپے خرچہ ،پنجاب کا سلانہ ترقیاتی پروگرام تیار
لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب حکومت کا آئندہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ تخمینہ 5300ارب روپے سے زائد ہوگا، 4060 ارب سے زائدغیر ترقیاتی بجٹ کیلئے مختص ہونگے جبکہ حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے 1240ارب کا سالانہ ترقیاتی پروگرام تیار کیاہے۔
یہ رقم 3132ترقیاتی سکیموں پر خرچ کی جائیگی ، 1441 جاری ترقیاتی سکیموں کیلئے 535ارب 98کروڑ اور 1663نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے 470ارب 62 کروڑ ، 28اولڈ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کیلئے 233ارب 40 کروڑ روپے رکھے جائینگے ، کل ترقیاتی حجم 1240ارب میں سے 1115ارب 70کروڑ حکومت اپنے لوکل فنڈز سے دیگی جبکہ 124ارب 30کروڑ غیر ملکی فنڈنگ سے حاصل کئے جائینگے ۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ہائی سپیڈ ریل لاہور تا راولپنڈی کیلئے 1ارب ، ٹورسٹ گلاس ٹرین راولپنڈی، اسلام آباد تا مری کیلئے ایک ارب ، ریجنل ریلوے ٹریکس پنجاب کیلئے 1 ارب ، پنجاب کی 100 تحصیلوں میں وزیراعلیٰ کا فلیگ شپ پروگرام سہولت بازاروں کیلئے 12ارب 81کروڑ 75لاکھ ، وزیراعلی آئی ٹی پارک کیلئے 5 ارب ، پنجاب ائیر لائن کے قیام کیلئے 1 ارب ، پنجاب ماڈل ولیج کیلئے 10 ارب ، پنجاب ماڈل فش مارکیٹ کیلئے 84کروڑ 86لاکھ ، پنجاب شرمپ سٹیٹ مظفرگڑھ کیلئے ایک ارب ، شرمپ فارمز مظفر گڑھ کیلئے ایک ارب ، راولپنڈی میں چلڈرن ہسپتال کیلئے 6ارب ، ملتان میں نرسنگ ایجوکیشن سنٹر آف ایکسیلنسی کیلئے 10 کروڑ ، بہاولنگر میں 200بیڈز پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کیلئے 50 کروڑ ، پنجاب میں کلائمیٹ آبزرویٹری کیلئے 3 ارب ، تمام اضلاع میں موجودہ انفراسٹرکچر کا استعمال کرتے ہوئے ممتاز سکولوں کے قیام کیلئے 5 ارب ، ڈی جی خان ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی بلاک کیلئے 2کروڑ رکھنے کی تجویز بجٹ میں شامل کی گئی ہے ۔ آئندہ بجٹ میں کرائم کنٹرول ودیگر اہم امور پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ، پنجاب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ قربان لائنز میں قائم کرنے پر 35کروڑ خرچ کئے جائیں جبکہ وزیراعلیٰ کرائم سرویلنس یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس کیلئے ابتدائی طور پر 10کروڑ رکھنے کے تجویز دی گئی ہے ۔ پولیس سٹیشنز کی مینٹی نینس کیلئے 3 کروڑ،تمام پولیس سٹیشنز کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے 10کروڑ 99لاکھ رکھے جائینگے ۔ گورنر ہاؤس لاہور میں چار وی آئی پی گیسٹ رومز تیار بنانے کیلئے 2 کروڑ رکھنے کی تجویز ہے ،2023-24کے بجٹ میں گیسٹ رومز پراجیکٹ کیلئے 18کروڑ 41لاکھ رکھے گئے تھے ۔