حکومت میں شمولیت کیلئے رابطے پیپلز پارٹی رضا مند : ذرائع
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں شمولیت کے معاملے پر پارٹی کے مرکزی رہنماؤں اور مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان اہم رابطے ہوئے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان وفاق اور پنجاب کی سطح پر حکومت میں شمولیت سے متعلق سنجیدہ بات چیت ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان اعلیٰ قیادت کی سطح پر یہ رابطہ گزشتہ چند روز کے دوران ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ پیپلز پارٹی حکومت میں شامل ہو جائے تاکہ پارلیمانی استحکام اور قانون سازی میں مضبوطی حاصل کی جاسکے۔ ابتدائی گفتگو میں پیپلز پارٹی نے بعض شرائط کے تحت حکومت میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت میں شامل ہونے کے حوالے سے دونوں جماعتوں کے درمیان مزید مذاکرات متوقع ہیں اور آئندہ چند دنوں میں فیصلہ کن پیشرفت ہو سکتی ہے۔