قیمتوں پر قابو پانے کیلئے نئی وزارت تشکیل دینے کا فیصلہ بل پنجاب اسمبلی سے منظور
لاہور(سیاسی نمائندہ)حکومت پنجاب کا اشیا کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے نئی وزارت تشکیل دینے کا فیصلہ، اس حوالے سے دی پنجاب پرائس کنٹرول آف ایسنشل کموڈیٹیز (ترمیمی)بل 2025 ئپنجاب اسمبلی میں کثرتِ رائے سے منظورکر لیا گیا ہے ۔
بل اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں منظور ہوا۔منظور شدہ ترمیمی بل کے مطابق دی پنجاب پرائس کنٹرول آف ایسنشل کموڈیٹیز ایکٹ 2024 ئمیں مزید ترامیم کی جائیں گی، منظور شدہ بل کے مطابق پرائس کنٹرول کونسل کی صدارت منسٹر پرائس کنٹرول یا وزیراعلیٰ کے نامزد کردہ عوامی نمائندے کے پاس ہوگی،اس سے پہلے صدارت وزیر صنعت و تجارت یا وزیراعلیٰ کے نامزد کردہ عوامی نمائندے کے پاس ہے ۔نئے ارکان میں لائیو سٹاک، زرعی مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی اور پنجاب سہولت بازاروں کے سربراہان شامل ہوں گے ،ماہرین اور سٹیک ہولڈرز کی تعداد 3-3 مقرر کی گئی ہے ۔منظور شدہ ترامیم گورنر کے دستخطوں کے بعد یہ بل ایکٹ بن جائے گا اور گزٹ نوٹیفکیشن کے بعد فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔