تحقیق نہ ٹیکنالوجی، پاکستان میں تمباکو پیداوار دنیا سے 20 فیصد کم
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) پاکستان میں تمباکو کی پیداوار دنیا کے مقابلے میں فی ایکڑ 20 فیصد کم ہے۔ روزنامہ دنیا کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستان میں تمباکو کی فی ایکڑ پیداوار دیگر ممالک سے 15 سے 20 فیصد فی کم ہے۔
پاکستان میں فی ایکڑ میں 2400 سے 2800 کلو تک تمباکو پیدا کیا جاتا ہے جبکہ عالمی سطح پر فی ایکڑ پیدوار 3000 سے لیکر 3200 کلو تک ہے ۔ دستاویزات میں بتایا گیا کہ پاکستان میں تمباکو کے سرٹیفائیڈ ورائٹی کی کمی ہے اور تمباکو کے شعبے میں استحکام اور پراڈکٹیویٹی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ اس کی وجوہات میں سب سے بڑی وجہ ریسرچ اور مزید تحقیق کا نہ ہونا ہے جبکہ تمباکو کی کاشت پرانی اور بوسیدہ ٹیکنالوجی سے کیا جاتا ہے ۔ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کے زیر اہتمام ایک ٹوبیکو ریسرچ سٹیشن بنانے کا پروپزل دیا گیا ہے جو مانسہرہ میں بنانے کی تجویز ہے ۔ تجویز کردہ ٹوبیکو ریسرچ سٹیشن خطے کے مطابق زیادہ پیداواری اور بیماروں کا مقابلہ کرنے والی تمباکو کی اقسام پیدا کرے گا۔ تمباکو کی فی ایکڑ پیداوار میں 25 سے 30 فیصد تک کے اضافے کی کوشش کرے گی۔ انرجی ایفیشنٹ اور سولر پر چلنے والی ٹیکنالوجیز استعمال میں لائی جائے گی۔ زمین کی صحت اور زمینداروں کے لیے ٹریننگ سیشن وغیرہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ پاکستان میں تقریباً 55 ہزار ایکڑ پر تمباکو کاشت کیا جاتا ہے جس کا 80 فیصد پختونخوا میں کاشت ہوتا ہے۔