رابطہ عالم اسلامی مسلم امہ کے اتحاد، رہنمائی کی علامت ، سردار یوسف

رابطہ عالم اسلامی مسلم امہ کے اتحاد، رہنمائی کی علامت ، سردار یوسف

سیکرٹری جنرل کے اعزاز میں عشائیہ، یوسف رضا ، ظفرالحق، علیم خان دیگرکی شرکت

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی مسلم امہ کے اتحاد، دانائی اور رہنمائی کی علامت ہے ،مسلم ورلڈ لیگ ہمیشہ اعتدال، مکالمے اور باہمی تعاون کے فروغ میں پیش پیش رہی ،سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ، اتحاد، بین المذاہب مکالمے اور انسانی تعاون کے فروغ کے لئے رابطہ عالم اسلامی کے کردار کو سراہتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معزز مہمان کی پاکستان آمد مشترکہ مقاصد کے لئے عزمِ نو کی تجدید ہے ،سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبد الکریم العیسیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان آمد پر بے حد مسرت محسوس کرتا ہوں اور مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں، نئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے امت مسلمہ کی یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے ، عشائیہ میں سید یوسف رضا گیلانی، راجہ ظفر الحق، وزیر مواصلات علیم خان سمیت متعدد سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ 

قبل ازیں مسلم ورلڈ لیگ کے زیر اہتمام دوسرا مشاورتی اجلاس ہوا ،اجلاس میں سعودی عرب پاکستان کے مذہبی رہنماؤں، علما حکومتی نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں سعودی مہمان ڈاکٹر شیخ عبد الکریم العیسی، مولانا فضل الر حمن ، علامہ راغب نعیمی، علامہ طاہر اشرفی اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے شرکت کی ، اجلاس کا مقصد امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر مشترکہ موقف اختیار کرنا اور اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے سردار یوسف نے کہا کہ ان کیلئے یہ سعادت ہے کہ وہ اس اہم اجلاس میں شریک ہیں ،مسلم ورلڈ لیگ امت مسلمہ کو جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ، مولانا فضل الر حمن نے کہا کہ آج امت مسلمہ کے اتحاد کی جتنی ضرورت ہے ، شاید پہلے کبھی نہ تھی، اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم بن عیسی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اسلامی ممالک کے اتحاد اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے لئے نمایاں کردار ادا کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں