نومبر،دسمبر اہم ،کچھ بھی ہوسکتاہے، منظور وسان
کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ نومبر اور دسمبر کے مہینے نہایت اہم ثابت ہوں گے، ان دو مہینوں میں کچھ بھی ہوسکتا ہے ، چاہے وہ بڑا ہو یا چھوٹا واقعہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی پیشگوئیوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کی نئی پیشگوئیاں سامنے آگئیں۔منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ صرف فضول باتیں ہو رہی ہیں، صدر کے اختیارات میں کوئی ترمیم نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صدر کے وہی اختیارات ہیں، ان میں کوئی کمی نہیں ہو رہی، کسی کی خواہش ہوسکتی ہے لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں، سب قیاس آرائیاں ہیں، پارلیمنٹ کے مفاد کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک درست سمت میں جا رہا ہے ، نومبر اور دسمبر کے مہینے نہایت اہم ثابت ہوں گے ، ان دو مہینوں میں کچھ بھی ہوسکتا ہے ، چاہے وہ بڑا ہو یا چھوٹا واقعہ۔ واضح رہے کہ منظور وسان جو سیاسی خواب اور پیشگوئیوں کے حوالے سے مشہور ہیں اور آئے دن کچھ نہ کچھ سیاسی حوالے سے پیشگوئی کرتے رہتے ہیں۔ان کی اکثر سیاسی پیشگوئیاں غلط ثابت ہوئی ہیں۔گزشتہ برس انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سردیوں کے بعد 2025 کی گرمیاں بھی جیل میں گزارنے کی جو پیشگوئی کی تھی، وہ درست ثابت ہوئی۔