زیرِ التوا کیسز فوری نمٹائے جائیں : ڈی جی ایف آئی اے
ہائی پروفائل کیسز میں تاخیر یا کسی قسم کی رعایت قبول نہیں کی جائیگی :رفعت مختار زونل آفس کا دورہ ،جرائم میں ملوث منظم گروہوں کیخلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار نے لاہور میں ایف آئی اے کے زونل آفس کا دورہ کیا اور وہاں جاری انتظامی و تفتیشی امور کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر لاہور زون کیپٹن (ر)محمد علی ضیا نے ڈی جی ایف آئی اے کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، زیرِ التوا معاملات اور جاری کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ڈی جی ایف آئی اے نے تمام شعبہ جات کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام زیرِ التوا انکوائریاں اور مقدمات فوری طور پر اور میرٹ کے مطابق نمٹائے جائیں، تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہائی پروفائل کیسز میں تاخیر، سستی یا کسی قسم کی خصوصی رعایت ہرگز قبول نہیں کی جائے گی ، ایسے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔اس موقع پر انہوں نے مالیاتی بدعنوانیوں، امیگریشن فراڈ اور جعلی ادویات سے متعلق جرائم میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف سخت کارروائی اور مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم بھی جاری کیا۔ کاپی رائٹ قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے اور اس ضمن میں خصوصی آپریشنز کے لیے بھی اہم ہدایات دی گئیں،آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔