مین ہول میں گرنے کتے کاٹنے کے واقعات:مریم نواز افسروں پر برہم،اے سی لیہ کو اجلاس میں بیٹھنے نہ دیا

مین ہول میں گرنے کتے کاٹنے کے واقعات:مریم نواز افسروں پر برہم،اے سی لیہ کو اجلاس میں  بیٹھنے نہ دیا

حارث حمید کا تبادلہ، ڈی سی لیہ کی بھی سرزنش، خستہ حال انفراسٹرکچر، قبضہ مافیا کیخلاف ایکشن کی ہدایت سبزی منڈیوں کا دورہ کرونگی ،عوام کو دھوکا دینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں کو جیل میں ڈالا جائے

لاہور (اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کا تین گھنٹے طویل احتسابی ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں شہریوں کی حفاظت و سہولت میں ناکام افسروں کا کڑا اور فیصلہ کن احتساب، تبادلے ،باز پرس اور سخت وارننگز جاری کی گئیں۔وزیر اعلیٰ نے لیہ میں گڑھے میں گر کر دو سالہ بچے  کی المناک موت پر اے سی لیہ حارث حمید کو میٹنگ میں بیٹھنے کی اجازت نہ دی اورفوری تبادلے کا حکم دیا۔ مریم نوازنے کھلے مین ہول،کتے کے کاٹنے ،خستہ حال انفراسٹرکچر اور قبضہ مافیا کے خلاف انتظامیہ کو فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور سہولتوں کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے مختلف اضلاع کے کمشنرز کی ناموزوں کارکردگی کا سخت نوٹس لیا اورکے پی آئیزکے معیار پر مکمل جانچ کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز کو انکے سٹاف اور افسروں کیلئے کے پی آئیز مقررکرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مین ہول میں گرنے اور کتے کے کاٹنے کے خوفناک واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ملتان، حافظ آباد اور بہاولنگر میں واقعات کے تسلسل پر ڈپٹی کمشنرسے باز پرس کی گئی اور غفلت کو بے نقاب کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لیہ کی بھی افسوسناک واقعہ پر سرزنش کی گئی۔

مریم نواز نے کہا افسوسناک واقعات وقوع پذیر ہونے سے پہلے ہی افسروں کو ایکشن لینا چاہئے ۔ کتے کے کاٹنے کے واقعات کے تدارک کیلئے اقدامات نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے ۔ کھلے مین ہول اور سیوریج کے گڑھوں کی مرمت کیا افسروں کی ذمہ داری نہیں؟۔انہوں نے قبضہ کیس میں 3607مقدمات کے فوری فیصلے اور قبضے پر شاباش دی اور قبضہ کیسز میں اے ڈی سی آر اور اسسٹنٹ کمشنروں کو مزید بااختیارکرنے کا حکم بھی دیا۔انہوں نے پنجاب کے ہربازار کی بیوٹیفکیشن ڈ یزائن پکچر کے مطابق کرنے کا حکم دیا اور بیوٹیفکیشن پلان کی فول پروف مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔انہوں نے شہریوں کی آسانی اور حفاظت کیلئے ہر سڑک کیساتھ فٹ پاتھ بنانے کا حکم دیا۔ خواتین کیلئے لاہور کے تاریخی اچھرہ بازار کو خوبصورت اور آرام دہ بنایا جائے گا۔ قصور میں سٹیٹ آف دی آرٹ فوڈ سٹریٹس اور جنرل بس سٹینڈکی تزئین و آرائش ہوگی۔ شاہ کوٹ، واربرٹن،سانگلہ ہل کے بازار اورننکانہ صاحب کا کلاک ٹاور بھی سجے گا۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب کی188فروٹ و سبزی منڈیوں سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا سبزی منڈیوں میں ہیلپ ڈیسک، سیف سٹی سے آن لائن ٹریکنگ،لائٹس،صفائی اور فنکشنل ٹوئلٹس کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ دھوکہ دہی کے سدباب کیلئے سبزی منڈیوں میں براہِ راست نیلامی ہوگی اورآکشن شیڈ بھی قائم کیے گئے ہیں۔ خریداروں اور آڑھتیوں کے صاف پانی کیلئے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹ بحال کر دئیے گئے ۔ اجلاس میں بتایا گیا پاکپتن، قصور، ساہیوال، میاں چنوں، شیخوپورہ اور منڈی بہائوالدین میں ماڈرن سبزی منڈیاں قائم ہو ں گی۔ مری کے عوام کو سستے پھل اور سبزی فراہم کرنے کیلئے سپلائی چین سسٹم قائم ہوگا۔مریم نواز نے عوام کو دھوکا دینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا اور نوکری سے فارغ کرکے جیل میں ڈالنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مارکیٹ کمیٹیوں میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر سیکرٹری بھرتی کرنے کی اجازت دی گئی۔انہوں نے کہا پنجاب سے مافیا کلچر کا خاتمہ کر دیا، اب کوئی مافیا نہیں پنپ سکتا۔ عوام کو ہر صورت پر سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا پھل اور سبزی منڈیوں کے خود سرپرائز وزٹ کروں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں