ماضی میں قومی سیاست پر چھائے بڑے برج منظر سے غائب

 ماضی میں قومی سیاست پر چھائے بڑے برج منظر سے غائب

وقت کی کروٹ ، خود کو عوام کا مسیحا کہنے والے سیاسی گرد میں گم ہوگئے اقتدار گیا تو نہ صرف ان کی پہچان مٹ گئی بلکہ سب کچھ ہی گنوا بیٹھے

 اسلام آباد (سید قیصر شاہ)سیاست کا کھیل اور وقت بدلنے میں دیر نہیں لگتی، مگر اقتدار کے جنون میں مبتلا سیاست دان یہ حقیقت اکثر فراموش کر بیٹھتے ہیں۔ خود کو عوام کا مسیحا اور آنکھ کا تارا سمجھنے والے کئی سیاست دان سیاسی بساط پلٹتے ہی سب کچھ گنوا بیٹھتے ہیں۔رخصت ہونے والے سال سے لے کر اب تک بڑے بڑے برج قومی منظرنامے سے غائب ہو چکے ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنما کبھی اپنی جماعت سے راہیں جدا کرنے کے باعث عوام کی نظروں سے اوجھل ہو جاتے ہیں اور کبھی اقتدار کے خاتمے کے ساتھ ہی ان کا سیاسی کردار محدود یا ختم ہو جاتا ہے ۔وہ رہنما جن کا کبھی طوطی بولتا تھا، آج سیاسی گرد و غبار میں دھندلا چکے ہیں۔

پارٹی قیادت سے اختلافات، بدلتا ہوا مقامی سیاسی ماحول اور وقت کی کروٹ نے بھی اس دوری میں اہم کردار ادا کیا۔ مسلسل کامیابیوں کے عادی رہنما اب شکست خوردہ دکھائی دیتے ہیں۔ان رہنماؤں میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی، سابق وزیر داخلہ چودھری نثار ، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور فیاض الحسن چوہان سمیت دیگر شامل ہیں، جو اب وہ سیاسی مقام اور اثر و رسوخ نہیں رکھتے جو کبھی ان کی پہچان تھا۔اسی طرح مختلف سیاسی جماعتوں کے وہ رہنما جو کبھی قومی سیاست پر چھائے رہتے تھے ، خود خبر ہوا کرتے تھے ، آج قومی سیاسی منظرنامے پر کہیں دکھائی نہیں دیتے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں