سال نو :مبارکباد کے لنکس پر کلک سے گریز کریں، الرٹ جاری
نامعلوم نمبروں سے آنے والے لنکس موبائل فون ، حساس ڈیٹا کے لیے خطرناک اپنا واٹس ایپ کوڈ یا حساس معلومات کسی کیساتھ شیئر نہ کریں:این سی سی آئی اے
اسلام آباد(اے پی پی)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) نے نئے سال کے آغاز پر موبائل اور ڈیٹا صارفین کو سائبر مجرموں سے بچانے کیلئے اہم احتیاطی تدابیر اور الرٹ جاری کر دیا ہے۔ نئے سال کی آمد پر سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس پر ‘‘مبارکباد کے لنکس’’ اور ‘‘جعلی تحائف’’ کے پیغامات تیزی سے گردش کر رہے ہیں، این سی سی آئی اے نے خبردار کیا ہے کہ ایسے نامعلوم نمبروں سے آنے والے لنکس صارفین کے موبائل فون اور حساس ڈیٹا کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں کو ہدایات دیں کہ کسی بھی انجان یا مشکوک لنک پر ہرگز کلک نہ کریں،اپنا واٹس ایپ کوڈ یا کوئی بھی حساس معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں،نامعلوم ذرائع سے ملنے والی ‘‘مفت تحائف’’ کی پیشکشوں سے دور رہیں،ترجمان کے مطابق یہ ہدایات حکومت کے شفافیت کے فروغ اور شہریوں کے تحفظ کے ایجنڈے کا حصہ ہیں، این سی سی آئی اے ملک میں سائبر سکیورٹی کو یقینی بنانے ، شفافیت اور احتساب کے فروغ کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے تاکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو صارفین کے لیے محفوظ بنایا جا سکے ۔