دسمبر :مہنگائی میں 0.4 فیصد کمی، سالانہ شرح 5.6 پر آ گئی

دسمبر :مہنگائی میں 0.4 فیصد کمی، سالانہ شرح 5.6 پر آ گئی

ٹماٹر 45 فیصد، پیاز 33 ، سبزیاں 21 ،آلو 18 ، چینی 7 فیصد سستی ہوئی پھل، گندم، انڈے ، کوکنگ آئل، آٹا، گھی مہنگے ہوئے ، ماہانہ رپورٹ جاری

اسلام آباد (دنیا نیوز) وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کر دی ۔نومبر کے مقابلے میں دسمبر 2025 کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ دسمبر میں مہنگائی کی سالانہ شرح کم ہو کر 5.6 فیصد رہ گئی۔ وزارت خزانہ نے دسمبر کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 5.5 سے 6.5 فیصد کے درمیان لگایا تھا۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق دسمبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 5.8 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 5.4 فیصد رہی۔ نومبر 2025 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 6.1 فیصد تھی۔

دسمبر میں ٹماٹر 45 فیصد، پیاز 33 فیصد اور سبزیاں 21 فیصد سے زائد سستی ہوئیں۔ آلو 18 فیصد، چینی 7 فیصد، چنے اور گڑ 3، 3 فیصد سستے ہوئے ۔ ایک ماہ کے دوران زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 2.79 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ بیسن، دال چنا، ماش، مسور، مونگ اور چاول بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل رہے ، ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ پھل 6.78 فیصد، گندم 3.48 فیصد، ڈرائی فروٹ 3.29 فیصد، انڈے 3.27 فیصد، کوکنگ آئل 2.84 فیصد اور خشک دودھ 2 فیصد مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ گندم آٹا 2 فیصد، گھی 1.92 فیصد اور مچھلی بھی فیصد مہنگی ہوئی۔ دسمبر میں ایندھن 16.37 فیصد، کوئلہ 2.76 فیصد اور گارمنٹس 2.44 فیصد مہنگے ہوئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں