بسوں کے کرائے میں کمی کا اعلان ، ٹرانسپورٹر ز کی من مانیاں

بسوں کے کرائے میں کمی کا اعلان ، ٹرانسپورٹر ز کی من مانیاں

حکومت کی طرف سے 60 روپے سے 200 تک کمی کا نوٹیفکیشن جاری ڈیزل کی قیمت میں دو مرتبہ کمی کے باوجود ٹرین مسافروں کو فائدہ نہ پہنچا

لاہور (سٹاف رپورٹر سے ، دی رپورٹر ،اپنے کامرس رپورٹر سے )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود بسوں اور ٹرینوں کے کرائے کم نہ ہوسکے ۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے اعلان کے برعکس لاہور میں لاری اڈا پر ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں، جس سے مسافر شدید پریشان ہیں،محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سے ملک کے مختلف شہروں کو جانے والی بسوں کے کرایوں میں 60 روپے سے 200 روپے تک کمی کی گئی ہے ، لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 1910 روپے سے کم کر کے 1850 روپے جبکہ مری کا کرایہ 2370 روپے سے کم کر کے 2290 روپے مقرر کیا گیا ہے ۔پشاور کا کرایہ 2610 روپے سے کم ہو کر 2530 روپے ، مانسہرہ کا کرایہ 2500 سے کم ہو کر 2420 روپے ، ایبٹ آباد کا کرایہ 2310 روپے سے کم کر کے 2240 روپے کر دیا گیا ہے۔

فیصل آباد کا کرایہ 1010 روپے سے کم کر کے 980 روپے ، صادق آباد کا کرایہ 2510 سے کم کر کے 2430 روپے اور کراچی کا کرایہ 5800 روپے سے کم کر کے 5620 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ سکھر کا کرایہ 3510 روپے سے کم کر کے 3400 روپے اور ملتان کا کرایہ 1700 روپے سے کم کر کے 1650 روپے کر دیا گیا ہے ۔تاہم لاہور کے لاری اڈا سمیت مختلف بس اڈوں پر ٹرانسپورٹرز نے نئے کرایہ نامہ پر عملدرآمد شروع نہیں کیا اور مسافروں سے پہلے سے بھی زائد کرائے لیے جا رہے ہیں۔مسافروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے جو ریلیف دیا ہے وہ صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ، حکومت اپنے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کرائے ۔

دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 57 پیسے کمی سے ریلوے کو 30 لاکھ روپے یومیہ بچت ہوگی کیونکہ ریلوے سسٹم پر روزانہ ساڑھے 3 لاکھ لٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے ، حالیہ دنوں میں ڈیزل کی قیمت میں دو دفعہ کمی ہوئی، ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر ڈیزل 22 روپے 57 پیسے سستا ہوا، مجموعی طور پر ریلوے کو روزانہ 78 لاکھ روپے سے زائد کی بچت ہورہی ہے ، ریلوے نے ایندھن سستا ہونے کا فائدہ مسافروں کو منتقل نہیں کیا، مسافر اور گڈز ٹرینوں کے کرائے 18 جولائی 2025 کے ریٹس پر برقرار ہیں، مسافروں نے ریلوے کے کرایوں میں کمی کامطالبہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں