ڈیپوٹیشن پرتعینات34 سیکشن افسر تحریری امتحان میں فیل،صرف 2 کامیاب
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی وزارتوں میں آفس مینجمنٹ سروس گروپ کے تحت ڈیپوٹیشن پرتعینا ت 36سیکشن افسران میں سے صرف 2 ایف پی ایس سی تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے، باقی تمام فیل ہوگئے۔
سیکشن افسر گریڈ 17 اور 18 کی 42 میں سے 40 اسامیاں تاحال خالی ہیں ۔وفاقی وزارتوں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران کے لئے آفس مینجمنٹ سروس گروپ میں سیکشن افسر گریڈ 17 اور 18 کی اسامیوں پر ہونے والے تحریری امتحان کے نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 42 میں سے 40 اسامیاں خالی رہ گئی ہیں۔فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے تحت سیکشن افسر گریڈ 17 کی 22 اور گریڈ 18 کی 20 ا سامیوں پر تقرری کے لیے امتحان ہوا ، گریڈ 17 کی اسامیوں کے لیے 153 افسران نے درخواستیں جمع کرائیں، تاہم امتحان میں صرف 19 امیدوار شریک ہوئے جبکہ 134 غیر حاضر رہے ۔ ان 19 امیدواروں میں سے 13 کے نتائج روک لئے گئے ، چھ ناکام قرار پائے اور کوئی بھی امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب نہ ہو سکا، جس کے باعث گریڈ 17 کی تمام 22 اسامیاں خالی رہ گئیں۔سیکشن افسر گریڈ 18 کی 20 اسامیوں کے لئے 99 امیدواروں نے درخواستیں دیں۔ امتحان میں 17 امیدوار شریک ہوئے جبکہ 82 غیر حاضر رہے ۔ ان میں سے 11 امیدواروں کے نتائج روک لئے گئے ، چار ناکام ہوئے اور صرف دو امیدوار احمد حسین سومرو اور اسد حسین تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ۔ ان دونوں امیدواروں کی حتمی کامیابی انٹرویو سے مشروط ہے ، بصورت دیگر گریڈ 18 کی 20 اسامیاں بھی خالی رہ جائیں گی۔مجموعی طور پر آفس مینجمنٹ سروس گروپ میں تقرری بذریعہ تبادلہ کے لئے 252 افسران نے درخواستیں جمع کرائیں، جن میں سے صرف 36 نے تحریری امتحان میں شرکت کی۔ ان میں 24 کے نتائج روک لئے گئے ، 10 ناکام ہوئے جبکہ صرف دو امیدوار کامیاب ہو سکے۔