لاہورمیں آٹا 5، کوئٹہ میں 10 روپے کلو مہنگا
فیصل آباد میں ڈیڑھ ماہ کے دوران قیمت 55 سے 60 روپے تک بڑھی محکمہ فوڈ 20 کے بجائے 15کلو والا تھیلا مہنگا فروخت کررہا :چیئرمین فلور ملز
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے ،دنیا نیوز ، نمائندگان ) ملک کے مختلف اضلاع میں آٹا مہنگا ہوگیا،لاہور میں آٹے کا نرخ 5 روپے کلو بڑھ گیا، کوئٹہ میں آٹا ڈیلرز کے مطابق شہر میں آٹا فی کلو 110 روپے سے بڑھ کر 120 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔فیصل آباد میں ایک سے ڈیڑھ ماہ کے دوران دیسی اور فائن آٹے کی قیمت میں فی کلوگرام 55 سے 60 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے ۔فائن آٹے کے 15 کلوگرام تھیلے کی قیمت 1100 روپے تھی، جو اب بڑھ کر 2200 روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہے جبکہ چکیوں پر فروخت ہونے والے دیسی آٹے کی قیمت بھی 70 روپے سے بڑھ کر 145 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی ہے۔
ملتان میں ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمت میں فی کلو 30 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد بیس کلو آٹے کا تھیلا 1810روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے جنوبی پختونخوامیں آٹے کی سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے 48 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 6 ہزار روپے سے بڑھ گئی ہے ۔لاہور میں سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق 20کلو آٹے کے تھیلے کا 1760روپے ،10 کلو آٹے کے تھیلے کا 808روپے ایکس مل ریٹ مقرر ہے ، جبکہ مارکیٹ میں 10کلو آٹے کے تھیلے کا سرکاری نرخ 905روپے اور فی کلو سرکاری نرخ 90روپے اور 50پیسے مقرر ہے ،تاہم شہر کے پوش اور مضافاتی علاقوں میں آٹا نوٹیفائڈ ریٹس کے برعکس مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔
لاہور ڈویژن میں پی آئی اے روڈ ،واپڈاٹاؤن ،ای ایم ای و دیگر علاقوں میں آٹا 95روپے کلو فروخت ہوا۔فلور ملزایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین بدر الدین کاکڑ نے کہا سرکاری نرخوں پر آٹالاہور اور چند شہروں کے سوا ناپید ہے ، 20کلو تھیلا کی بجائے 15 کلوکاتھیلا فروخت کیا جا رہا ہے ، 15کلو آٹے کا تھیلا2ہزار روپے میں دیا جا رہاہے ، محکمہ فوڈ 20کلو کی بجائے 15کلو والا مہنگا آٹا فروخت کروا رہا ہے ۔بدرالدین کاکڑ نے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی بین الاصوبائی پابندی ختم ہونی چاہیے ، پورے پنجاب میں برابری کی سطح پر گندم کوٹہ دیا جائے ۔
علاوہ ازیں شہریوں نے کہا حکومت مقررہ نرخوں میں آٹے کی فروخت کو یقینی بنانے میں ناکام ہوچکی ہے ، مہنگائی نے پہلے ہی جینا دوبھر کررکھا ہے ۔ادھر ڈائریکٹر فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے کہا گندم 8لاکھ میٹرک ٹن موجود ہے ،صوبہ بھر میں آٹے کا ایک ہی نوٹیفائیڈ ریٹ ہے ،دس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 905 روپے ،20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1810روپے ہے ۔آج کی ڈیمانڈ پر پنجاب بھر میں دس کلو آٹے کے 19لاکھ تھیلے فروخت ہوئے ہیں ۔