موبائل فون ، الیکٹرانکس پرزوں کی پاکستان میں تیاری، 70 کروڑ ڈالر برآمدات ہدف

موبائل فون ، الیکٹرانکس پرزوں کی پاکستان میں تیاری، 70 کروڑ ڈالر برآمدات ہدف

موبائل فون کے 50فیصد ،لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس اورپوائنٹ آف سیل مشینوں میں30فیصد پرزے مقامی استعمال ہونگے 50ہزار ہنر مند ورکرز بھی تیار کئے جائینگے ، آئندہ 5سے 8سال میں 148ارب روپے لیوی کاہدف،پالیسی کا مسودہ تیار

اسلام آباد (مدثر علی رانا)وزارت صنعت و پیداوار نے آئندہ 5 سے 8 سال کے لیے موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیوائسز مینوفیکچرنگ پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا ۔ مسودے کے مطابق مقامی طور پر موبائل کی تیاری کے اہداف حقیقت پسندانہ مقرر کیے گئے ہیں اور مقامی طور پر پرزہ جات کی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ آئندہ 5 سے 8 سال میں 50 فیصد موبائل کے پرزہ جات مقامی طور پر تیار کیے جائیں گے۔ نئی پالیسی کے مطابق موبائل اور الیکٹرانک ڈیوائسز کی برآمدات 70 کروڑ ڈالر تک پہنچائی جائیں گی جبکہ 2 ارب ڈالر کی اصل صلاحیت کے مطابق ایکسپورٹ بھی ممکن ہے۔

پاکستان میں مزید 50 ہزار ہنر مند ورکرز کو موبائل اور الیکٹرونک ڈیوائسز کی تیاری کے لیے تیار کیا جائے گا۔ لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس اور پوائنٹ آف سیل مشینوں کی تیاری میں 30 فیصد مقامی پرزہ جات استعمال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔نئی پالیسی میں موبائل اور الیکٹرانک ڈیوائسز کی قیمت میں پانچ فیصد پیداواری لاگت کی بچت کی جائے گی جبکہ مقامی پیداوار سے 148 ارب روپے کی لیوی حاصل ہوگی۔ سال 2026 سے 2033 تک پالیسی پر تمام متعلقین سے مشاورت کی جائے گی۔

وزارت صنعت و پیداوار کے حکام کے مطابق موبائل اور الیکٹرنک ڈیوائسز کی مقامی تیاری سے سرمایہ کاری بڑھے گی، حکومت اقتصادی گروتھ 5 سے 6 فیصد تک حاصل کرنے اور آئی ایم ایف پروگرام کو آن ٹریک رکھنے کے لیے اقدامات کرے گی۔وزیرِ خزانہ نے وزارت خزانہ اور ایف بی آر حکام کو ہدایت دی ہے کہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے تاکہ سرمایہ کاری راغب ہو سکے ۔

چار اہم تجاویز میں حکومت کی ترجیح ایکسپورٹ لیڈ گروتھ حاصل کرنا ہے ۔ اڑان پلان کے تحت پانچ سال میں برآمدات کا ہدف 60 ارب ڈالر رکھا گیا ہے تاہم رواں مالی سال میں برآمدات 8 فیصد سے زائد گراوٹ کا شکار رہی ہیں۔ وزارت منصوبہ بندی نے پانچ سال میں برآمدات 60 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے پلان بنایا ہے جس میں آٹھ شعبوں کی گروتھ شامل ہے لیکن موجودہ تناسب مطلوبہ سطح سے کم ہے ۔ ہر سال تقریباً ساڑھے 5 ارب ڈالر کی برآمدات بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں