پی پی نے سندھ کو قوم پرستی کی بنیاد پر تقسیم کر رکھا :حافظ نعیم

 پی پی نے سندھ کو قوم پرستی کی بنیاد پر تقسیم کر رکھا :حافظ نعیم

موجودہ دنیا کا بڑا طاغوت امریکا ، عالمی طاقتیں مسلمانوں کی نسل کشی کررہیں عوام اور نوجوانوں کی قوت سے ظلم و جبر کا نظام بدلیں گے :امیر جماعت اسلامی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ موجودہ دنیا کا سب سے بڑا طاغوت امریکا ہے ، ٹرمپ ڈھٹائی سے جہاں چاہے وہاں حملہ کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے ، نعوذ باللہ خدا کے لہجے میں بات کرتا ہے ، پیپلز پارٹی سندھ پر طویل عرصے سے قابض اور اسٹیبلشمنٹ کی اے ٹیم کے طور پر کام کررہی، اس نے صوبہ کو قوم پرستی کی بنیاد پر تقسیم کررکھا ہے ، ہم سندھ کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کی دینی درسگاہ جامعہ علوم اسلامیہ منصورہ ہالا میں سالانہ تقریب ختم بخاری سے خطاب کے دوران کیا ۔نعیم الرحمن نے کہا کہ طاغوتی قوتیں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہیں،غزہ میں نیتن یاہو نے ہزاروں بچوں کو شہید کیا اور لاکھوں گھر مسمار کر دیئے ، صدر ٹرمپ ، نیتن یاہو کا سرپرست ہے ۔ اب جب ایران میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے ہورہے ہیں تو تب ان کو عوام یاد آرہے ہیں، یہ لوگ اپنے مفادات کے محافظ ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلزپاٹی کو اسٹیبلشمنٹ نے سندھ میں کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ، ایک خاندان گز شتہ 17 سال سے سندھ میں حکومت میں ہے مگر 78لاکھ بچے سکول نہیں جاتے ، پیپلز پارٹی اور ان کے رہنماؤں کو کوئی شرم نہیں آتی، وفاق سے ملنے والے ہزاروں ارب روپے سندھ حکومت کو ملے مگر یہ سب کھا گئے اور کام صرف کاغذوں میں دکھایا گیا، سندھ میں عوام کو بیدار ہونا پڑے گا۔ حکمرانوں نے عوام سے روزگار صحت تعلیم کا حق چھینا ہے ،عوام کو اس ظلم سے نجات چاہیے ، کاشف سعید شیخ کی قیادت میں سلگتے مسائل لیکر عوام کے پاس جائیں گے ا ور حکمرانوں کا گھیراؤ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جنریشن زی میں صرف سکول کے بچے نہیں بلکہ مدارس، کاشتکاروں، محنت کشوں کے بچے اور بھٹہ میں کام کرنے والے بھی شامل ہیں،پورے سندھ میں بچوں کو آئی ٹی کورس سمیت کھیلوں اور ہنر میں بھی آگے بڑھائیں گے ، عوام اور نوجوانوں کی قوت سے اس ظلم و جبر کے نظام کو بدلیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں