جی سیون میں دھماکہ گیس لیکیج سے ہوا ، ابتدائی رپورٹ
بیانات قلمبند ،جگہ تنگ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات رہیں آئی جی کا دورہ پمز ،زخمیوں کی عیادت کی ، ہر ممکن سہولیات فراہم کرنیکی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سیکٹر جی سیون ٹو میں گزشتہ روز وقو ع پذیر سانحے کی اسلام آباد پولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی ہے ،رپورٹ کے مطابق دھماکہ گیس لیکیج کے باعث ہواجس کے باعث تین مکان مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے جبکہ دو مکانوں کو نقصان پہنچا۔ زیادہ تر اموات ملبے تلے دبنے اور جھلسنے سے ہوئی ہیں۔جائے وقوعہ سے گیس پائپ لائن اور گیس کنکشنز کے نمونے اکٹھے کر لئے گئے ہیں۔ واقعہ صبح سات بج کر انیس منٹ پر پیش آیا جبکہ سات بج کر سینتیس منٹ پر پولیس اور ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ چکی تھیں تاہم گلی تنگ ہونے کی وجہ سے بھاری مشینری کو موقع تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا رہا۔
ابتدائی ریسکیو آپریشن مقامی علاقہ مکینوں نے کیا، تحقیقات کے حوالے سے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ عینی شاہدین اور متاثرہ افراد کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ گیس کس مقام پر جمع ہوئی اور اسے آگ لگنے کا سبب کیا تھا۔ علاقے کی گیس اور بجلی کی فراہمی بھی عارضی طور پر منقطع کر دی گئی ہے ۔ دوسری جانب آئی جی علی ناصررضوی نے پمز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی، انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین اور فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے ۔