پاکستانی پاسپورٹ کی 28 درجے بہتری کامیابی : محسن نقوی
وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان کی شہید میجر انور کاکڑ کے گھر آمد،تعزیت کی
اسلام آباد ،کوئٹہ(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری کو ملک کیلئے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ 126 ویں سے بہتر ہو کر 98 ویں پوزیشن پر آ گئی ، پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ کا 126 سے 98 ویں نمبر پر آنا ایک مضبوط کامیابی ہے۔ بہتری کا یہ سفر اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں شہید میجر انور کاکڑ کی رہائشگاہ کا دورہ کیا، دونوں رہنمائوں نے شہید کی والدہ، بھائیوں اور کمسن بیٹوں سے ملاقات کی اور فتنہ الہندوستان کے بزدلانہ حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوت کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے شہید کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور پسماندگان کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔ محسن نقوی نے شہید کے دوسرے بیٹے کا بھی ایچی سن کالج میں داخلہ کرانے کا اعلان کیا ۔وزیراعلی ٰسرفراز بگٹی نے شہید کے بھائی خدائیداد خان کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلی ٰ سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ کوئٹہ کے ایک سکول کو شہید میجر انور کاکڑ کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔