ہائیکورٹ:ایمان مزاری،ہادی کی آج تک ضمانت منظور

ہائیکورٹ:ایمان مزاری،ہادی کی آج تک ضمانت منظور

متعلقہ اداروں کوگرفتارنہ کرنے کاحکم،ملزمان کوعدالت میں پیش ہونے کی ہدایت آپ نے ناجائزفائدہ اٹھایا،ملزمان یہیں پیش ہونگے ،جج کاوکیل سے مکالمہ

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ایک روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو گرفتار کرنے سے روک دیا، درخواست پر سماعت کے دوران وکیل کامران مرتضی ٰنے کہا دو مرتبہ ضمانت کینسل ہوئی ہے اور اب انکو گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا جا چکا ہے ،ایمان مزاری ایک خاتون ہیں انکی طبیعت ناساز ہے ،دلائل سننے کے بعدجسٹس اعظم خان نے آج تک گرفتاری سے روکتے ہوئے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی اورمزید سماعت آج تک ملتوی کر دی۔دوسری طرف ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کومتنازعہ ٹویٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے باعث سماعت ملتوی کرتے ہوئے حکم دیاہے کہ دونوں ملزمان ہائیکورٹ پیشی کے بعد ایک گھنٹہ میں ٹرائل کورٹ پیش ہوں۔

قبل ازیں دوران سماعت ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت پیش نہ ہوئے اور نہ ان کو گرفتار کیا جا سکا،عدالت نے ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ مجسٹریٹ سے گھر کا سرچ وارنٹ لیں اور ملزمان کو گرفتار کرکے 11 بجے تک عدالت میں پیش کریں، جس کے بعد عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا، سماعت دوبارہ شروع ہونے پر این سی سی آئی اے اور پولیس حکام، سپیشل پراسیکیوٹرز عدالت پیش ہوئے ،این سی سی آئی اے اورپولیس نے ملزمان کے وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ جمع کروانے کے لیے وقت مانگ لیا،جس پرفاضل جج نے کہاجس کی رپورٹ غیر اطمینان بخش ہوگی اس کے خلاف کارروائی ہوگی،2 بجے رپورٹ جمع کروائیں،عدالت نے سماعت میں ایک بار پھر وقفہ کردیا، سماعت دوبارہ شروع ہونے پر پراسیکیوٹر نے کہا ملزمان کو ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت ملی ہے ، منگل کو پیش ہونے کا حکم ہے ، جج نے کہا ملزمان ہائیکورٹ پیش ہونے کے ایک گھنٹے کے اندر میری عدالت میں پیش ہوں، معاون وکیل نے سماعت بدھ تک ملتوی کرنے کہ استدعا کی،جس پر جج افضل مجوکہ نے کہا آپ نے ناجائز فائدہ اٹھایا ہے کوئی رعایت نہیں ملے گی،ملزمان یہیں پیش ہوں گے اور342کا بیان قلمبند کیاجائے گا، عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں