موسمِ سرما تعطیلات کے بعد سکول کھل گئے ، حاضری کم
شدیدسرد موسم کے باعث طلبہ کی حاضری 20سے 30 فیصد تک کم رہی محکمہ سکول کی حاضری بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت
لاہور(خبر نگار)موسمِ سرما تعطیلات کے بعد پنجاب بھر میں سکول دوبارہ کھل گئے ۔ایک ماہ طویل وقفے کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیاتاہم پہلے روزسرکاری سکولوں میں طلبہ کی حاضری معمول سے کم رہی ۔بعض سکولوں میں 20 فیصد جبکہ کئی سکولوں میں طلبہ کی حاضری 30 فیصد تک کم رہی۔انتظامیہ کے مطابق شدیدسرد موسم کے باعث طلبہ کی بڑی تعداد سکول نہ پہنچ سکی تاہم اساتذہ کی حاضری تسلی بخش رہی اور تدریسی عمل جاری رکھا گیا۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے ہدایت جاری کی ہے کہ طلبہ کی حاضری بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ چند روز میں موسم بہتر ہونے پرطلبہ کی حاضری میں نمایاں بہتری کی توقع ہے ۔