ریجنل بلڈ بینک، 42 اسامیوں کی منظوری یا نجکاری ،فیصلہ نہ ہو سکا
بلڈ بینک آؤٹ سورس کیا جا رہا تو نئی اسامیوں کی کیا ضرورت،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن وزار ت صحت 1 ماہ گزرنے کے باوجود مانگی گئی وضاحت کا جواب دینے میں ناکام
اسلام آباد (ایس ایم زمان )وزارت قومی صحت نے ریجنل بلڈبینک سینٹر اسلام آباد کیلئے اسامیوں کی منظوری اور آؤٹ سورس کرنے سے متعلق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے طلب کی گئی وضاحت کا جواب نہیں دیا ، ، وزارت قومی صحت نے اسٹیبلشمنٹ کو ریجنل بلڈ بینک سینٹر میں مختلف گریڈ کی 42 اسامیوں کی منظوری کیلئے سمری بھجوائی تھی جبکہ دوسری طرف اس کو آؤٹ سورس کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایک ماہ قبل 42اسامیوں کے حوالے سے وزارت صحت کو مراسلہ لکھا تھا کہ معلوم ہوا ہے وزارت نے ریجنل بلڈ بینک سینٹر کے آپریشنل اور مینجمنٹ امور کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وضاحت کی جا ئے کہ ان 42 اسامیوں کی منظوری کی کیا حیثیت ہے ، اگر وزارت صحت نئی اسامیوں کی منظوری کی خواہاں ہے تو پھر نجکاری کی کیا شرائط اور قواعد و ضوابط ہونگے اور اسے آؤٹ سورس کرنے کے بعد اسامیوں کی کیا ضرورت ہو گی ۔ تاہم ایک ماہ گزرنے کے باوجود وزارت قومی صحت نے ریجنل بلڈ بینک سینیٹر کی نجکاری اور نئی اسامیوں کی تشکیل سے متعلق کو ئی جواب نہیں دیا ہے ۔