مری میں آج برفباری،جڑواں شہروں میں بادل،پنجاب میں دھند رہے گی
اسلام آباد،لاہور ،کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں،دنیا نیوز)ملک بھر میں خشک سردی اور دھند کا سلسلہ جاری ہے اوراس دوران مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے د وران خاتون سمیت 3افراد جاں بحق ، متعدد شدید زخمی ہو گئے۔
کئی مقامات پر موٹرویز کو ٹریفک کیلئے عارضی طور پر بند کر دیاگیا،لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پررہا ،اسلام آباداورگردونواح میں آج مطلع ابرآلود رہنے جبکہ مری اورگلیات میں شام اور رات کے اوقات میں بارش اوربرفباری متوقع ہے ۔ گزشتہ روز اسلام آبادکادرجہ حرارت 7 ،کراچی میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔سینٹرل ریجن میں دھند کے باعث موٹروے پولیس نے موٹروے ایم 2 کو لاہور سے کوٹ مومن تک ،موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ ،موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے خانیوال اورموٹروے ایم 11لاہورسے سیالکوٹ تک ٹریفک کیلئے عارضی طور پر بند کر دی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، سوات، دیر، کوہستان، ایبٹ آباد جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں آج ہلکی بارش و برفباری کا امکان ہے ، آج اور کل بلو چستان کے 25 اضلاع میں بارش اور 9 اضلاع میں برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے ساحلی علاقوں پرمقیم افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔دریں اثناء پختونخوا کے علاقہ شانگلہ میں دوسرے روز بھی برفباری و بارش جاری رہی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔ علاوہ ازیں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا ،رات اور صبح کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہنے کا امکان ہے ،سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں بھی دھند کا امکان ہے ۔