پہلی ششماہی: معیشت مستحکم مہنگائی کم رہی ، صنعتی پیداوار بڑھی

 پہلی ششماہی: معیشت مستحکم  مہنگائی کم رہی ، صنعتی پیداوار بڑھی

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان کی معیشت نے مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی کے دوران استحکام کا رجحان برقرار رکھا جس کی بنیاد محتاط میکرو اکنامک مینجمنٹ اور مربوط پالیسی اقدامات پر رہی۔

شدید سیلاب کے منفی اثرات کے باوجود مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.6 فیصد تھی۔ یہ نمایاں اضافہ ملکی معیشت کی بہتری، مضبوطی اور پالیسی اقدامات کی موثر عملداری کا مظہر ہے ۔پلاننگ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق سیلاب سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث ستمبر تا اکتوبر 2025 کے دوران مہنگائی میں عارضی اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم نومبر 2025 سے مہنگائی میں کمی کا رجحان شروع ہو گیا جو اشیائے صرف کی فراہمی میں بہتری کا نتیجہ ہے ۔ صنعت کی پیداوار جولائی تا اکتوبر 2025-26 کے دوران مجموعی طور پر 5.0 فیصد بڑھی جبکہ اکتوبر 2025 میں یہ شرح 8.0 فیصد سے تجاوز کر گئی۔ ترسیلات زر میں بھی سال بہ سال نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے زرمبادلہ کے ذخائر اور بیرونی کھاتوں کو سہارا ملا۔ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں جولائی تا دسمبر کے دوران 6.1 کھرب روپے تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 5.6 کھرب روپے تھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں