ایمان اور ہادی نے دوسری رات بھی ہائیکورٹ بار میں گزاری

ایمان اور ہادی نے دوسری رات بھی ہائیکورٹ بار میں گزاری

لڑائی جھگڑا کیس میں عدالت پیش نہ ہونے پر دونوں کی ضمانت کی درخواستیں خارج ٹویٹس کیس میں صبح ساڑھے 8بجے طلبی:آج ٹرائل کورٹ پیش ہونگے :بار عہدیدار

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے دوسری رات بھی اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے دفتر میں گزاری۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے لڑائی جھگڑے کے مقدمے میں عدم پیشی پر دونوں کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔ متنازع ٹویٹس کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے دونوں کو آج صبح ساڑھے آٹھ بجے ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالتی وقت شروع ہونے پر عدالت گئے ، بائیومیٹرک کرائی اور دوبارہ بار آفس واپس آ گئے ۔ جولائی کے ایک مقدمے میں ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری منظور ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کی جانب سے ایک اور مقدمہ سامنے آیا۔اسلام آباد بار کونسل کے رکن علیم عباسی سمیت متعدد وکلا نے دونوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ ایمان مزاری نے کہا کہ ہم سرنڈر کیلئے تیار ہیں، صرف یہ بتایا جائے کہ ہمارے خلاف کتنے مقدمات ہیں،دوسری جانب صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار واجد علی گیلانی اور سیکرٹری منظور احمد ججہ نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ آج ٹرائل کورٹ میں پیش ہوں گے اور بار ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں