عظمیٰ بخاری کااپوزیشن لیڈر کیخلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر
ٹی وی پروگرام میں لگائے الزامات من گھڑت، بے بنیاد ہیں:وزیر اطلاعات مری میں داخلے کی گنجائش نہیں، سیاح سفر سے گریز کریں، شہریوں سے اپیل
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی کے خلاف پنجاب ڈی فیمیشن ایکٹ 2024 کے تحت ہتکِ عزت کا باقاعدہ کیس دائر کر دیا ۔ عظمٰی بخاری کی جانب سے لاہور ڈی فیمیشن ٹربیونل میں دائر درخواست میں 8 کروڑ 40 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔درخواست کے مطابق معین قریشی نے ایک ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں وزیر اطلاعات پنجاب کے خلاف جھوٹے ، بے بنیاد اور ہتک آمیز الزامات عائد کیے ، جن میں اسمبلی میں 150 سے 200 مبینہ پیڈ افراد کو داخل کروانے کا الزام شامل ہے ۔ عظمٰی بخاری نے اس الزام کو مکمل طور پر من گھڑت، بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے ۔
عظمٰی بخاری کی جانب سے عدالت میں ویڈیو کلپس، سکرین ریکارڈنگز اور مکمل ٹرانسکرپٹس بطور شواہد جمع کروائے گئے ہیں۔ عظمٰی بخاری نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مدعا علیہ کے خلاف ڈگری ہرجانہ جاری کی جائے اور عدالتی اخراجات بھی اس سے وصول کیے جائیں۔ عظمٰی بخاری نے مری کا رخ کرنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر مری کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ مری میں اس وقت سیاحوں کی بہت بڑی تعداد پہلے ہی موجود ہے جبکہ تمام ہوٹل مکمل طور پر پُرہو چکے ہیں۔عظمٰی بخاری نے بتایا کہ مری میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور شہر میں گنجائش سے کہیں زیادہ گاڑیاں داخل ہو چکی ہیں جس کے باعث ٹریفک اور شہری سہولیات پر دباؤ بڑھ گیا ہے ۔