نوجوان طالب علم ہی نہیں، ذمہ دار شہری بھی بنیں :صدر / وزیراعظم
دعا ہے اجتماعی کوششیں آئندہ نسلوں کیلئے امن، ترقی و خوشحالی کی ضامن ہوں تعلیم یافتہ نوجوان ہی مضبوط، ہنر مند ،باصلاحیت پاکستان کی بنیاد :پیغامات
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم تعلیم کے موقع پر پاکستان کے عوام، طلبہ، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف طالب علم ہی نہیں بلکہ مفکر، موجد اور ذمہ دار شہری بھی بننا ہوگا ۔ پاکستان کا مستقبل براہِ راست نوجوان نسل سے جڑا ہے ، صدر نے کہا کہ تعلیم نوجوانوں میں تجسس، صلاحیت اور کردار پیدا کرے ، آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت مفت اور لازمی تعلیم کی ضمانت اس بنیادی حق کیلئے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاس ہے ۔دعا ہے کہ ہماری اجتماعی کوششیں آنے والی نسلوں کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہوں ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عالمی یوم تعلیم پر طلبہ، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے نوجوانوں کو نظام تعلیم میں فعال شراکت دار بنانے ، ڈیجیٹل مہارت اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے نوجوان معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں گے ایک مضبوط، ہنر مند اور باصلاحیت پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ،آئیے اس عزم کی تجدید کریں کہ نوجوانوں کے تابناک مستقبل کو تعلیم اور ہنر و مہارت کے نظام کا محور بنائیں گے ۔