کراچی :امریکا سے آ ئے مسافر سے 58ملین روپے کا سامان برآمد
کارروا ئی جناح ایئر پورٹ پر پاکستان کسٹمز نے کی، ملزم گرفتار،مقدمہ درج
اسلام آباد(دنیارپورٹ )پاکستان کسٹمز نے جناح ایئر پورٹ کراچی پر امریکا سے آنے والے مسافر کے سامان سے سونا، کاسمیٹکس، پرفیومز اور ہنڈ بیگز برآمد کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا ۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق یہ کارروائی 29 جنوری کو معمول کی ڈیوٹی کے دوران پاکستان کسٹمز کے سپیشل پروفائلنگ سیل نے کی۔ مسافر کو گرین چینل سے ریڈ چینل کی جانب منتقل کیا گیا اور سکیننگ کے دوران سامان میں کمرشل مقدار میں کاسمیٹکس، پرفیومز، ہینڈ بیگز اور سونے کے زیورات برآمد ہوئے ۔ بعد ازاں جانچ کاؤنٹر پر جسمانی تلاشی کے دوران سونے کے زیورات کی تصدیق کے لیے جیولر کو طلب کیا گیا جس نے بتایا کہ زیورات کا وزن تقریباً 1185 گرام ہے ۔ترجمان کے مطابق برآمد شدہ سامان کو تحویل میں لے کر کسٹمز ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ۔ برآمد شدہ سامان کی کل مالیت تقریباً 58 ملین پاکستانی روپے بتائی گئی ہے ۔