وفاقی بجٹ کی تیاری کاعمل شروع،وزارتوں، ڈویژنوں سے تجاویز طلب
قائمہ کمیٹیاں یکم مارچ تک سفارشات دیں گی،تاخیر پر مسترد،وزیراعظم نوٹس لے سکتے
اسلام آباد (سہیل خان) پارلیمنٹ نے 40 وزارتوں، ڈویژنوں اور اداروں میں وفاقی بجٹ 2026-27 کی تیاری کی گھنٹی بجا دی جبکہ بجٹ تجاویز سے ارکان کی پیشگی آگاہی کے لیے پارلیمانی عمل کا آغاز ہو گیا ۔ ضابطہ کار کے تحت مقررہ وقت میں بجٹ سے آگاہ نہ کیے جانے کی صورت میں کمیٹی کی جانب سے ان تجاویز کے مسترد ہونے کا انتباہ دیا گیا ہے ، اس حوالے سے وزیراعظم نوٹس لے سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو نئے ترقیاتی بجٹ پر پارلیمانی بریفنگ سے متعلق رولز کا حوالہ دیتے ہوئے مراسلہ بھیج دیاگیا ہے ۔ یہ مراسلہ تمام وزارتوں کے سیکرٹریز اور قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو بھجوایا گیا ہے تاکہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں مجوزہ وزارتی بجٹ بریفنگ کو ایجنڈا آئٹمز میں شامل کیا جا سکے ۔
ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے وزارتی پی ایس ڈی پی سے متعلق بجٹ تجاویز کمیٹی کی جانچ پڑتال کے لیے جلد از جلد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو فراہم کی جائیں۔ ترقیاتی پروگرام سے متعلق سفارشات متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سامنے پیش کی جائیں گی جبکہ تمام وزارتوں کو پی ایس ڈی پی تجاویز 31 جنوری تک قائمہ کمیٹیوں کو جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔قائمہ کمیٹیاں وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لے کر ضروری ترامیم تجویز کر سکیں گی۔ قائمہ کمیٹیوں کے لیے یکم مارچ تک اپنی سفارشات مرتب کرنے کا ٹائم فریم مقرر ہے ، یہ سفارشات وفاقی بجٹ میں شمولیت کے لیے وزارتِ خزانہ کو ارسال کی جائیں گی۔