پیپلز پارٹی پوری آن بان شان کیساتھ زندہ ہے :پرویز اشرف
پاکستان امن چاہتا،جارحیت کرنیوالوں کو نیست نابود کر دینگے :سابق وزیراعظم تخت لاہور آج کانپ رہا :شہزاد سعید ، حسن مرتضیٰ ودیگر کا ریلی سے خطاب
لاہور (سپیشل رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدراورسابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ لاہوریوں نے دل جیت لئے ،پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے آج تاریخ رقم کر دی ، پورا پاکستان پیپلز پارٹی کا میدان بنے گا، لاہور کے عظیم کارکنوں نے مال روڈ پر ثابت کر دیا پیپلز پارٹی پوری آن بان شان کیساتھ زندہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مال روڈ پر پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام‘‘کشمیر بنے گا پاکستان’’ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ، سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ ،پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر ،شہزاد سعید چیمہ ،ڈاکٹر عائشہ شوکت اور ذیشان اکبر نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض مجید غوری نے ادا کئے ، رانا جمیل منج،بیگم ناصرہ شوکت،سبط حسن،شاہدہ جبیں،ذیشان شامی،آغا تقی،عارف خان،عدنان گورسی،منظر عباس۔۔۔
فیاض بھٹی،بابا ناما،چودھری ریاض،عمران ڈوگر،عامر نصیر بٹ،شاہد عباس ،رانا صفدر دلشار،ندیم ملک،ایڈون سہوتراسمیت ہزاروں جیالے بھی موجود تھے ۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ ہم ملک سے دہشت گردی ختم کرانا اور یہاں سکون،امن اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں،پاکستان ہمسائیوں سے امن چاہتا ہے مگر جارحیت کرنیوالوں کو نیست نابود کر دینگے ۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ہماری جنگ کسی حکمران کیخلاف نہیں بلکہ دہشتگردی اوربیروز گاری کیخلاف ہے ۔ شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ تخت لاہور آج کانپ رہا ہے ،لاہور کے جیالوں اور جیالیوں نے ایک ملین مارچ کر دکھایا۔ فیصل میر نے کہا کہ یہ کئی کلومیٹر طویل جلوس ذوالفقار بھٹو، شہید بینظیر ، چیئرمین بلاول اور صدر آصف علی زرداری کی کشمیر جدوجہد کا عوامی اظہار ہے ،آج پاکستان کی بہادر افواج کی کشمیر کیلئے لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ،پیپلز پارٹی لاہور اور پنجاب واپس لینے آ چکی ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم آئندہ پیپلز پارٹی کا ہو گا۔