صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کھڑی شریف میں سپرد خاک
میت سرکاری وفوجی اعزازگن کیرج کیسا تھ نمازجنازہ کیلئے میر پور سٹیڈیم لا ئی گئی گارڈ آف آنر پیش، نماز جنازہ میں کور کمانڈر راولپنڈی سمیت اہم شخصیات کی شر کت
مظفرآباد ( بیورو رپورٹ)صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری جو گزشتہ روز طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے انہیں سرکاری و فوجی اعزاز گن کیرج کے ساتھ نمازجنازہ کی ادائیگی کیلئے میرپور سٹیڈیم لا یاگیا جہاں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں آبائی گاؤں چیچیاں کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ بیرسٹر سلطان آزاد کشمیر کے پہلے لیڈر ہیں جنہیں گن کیرج کے ساتھ دفن کیا گیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز قائداعظم محمد علی جناح، جنرل محمد ضیا الحق، عبدالستار ایدھی، ڈاکٹر روتھ فاؤکو دیا گیا تھا ، نماز جنازہ میں کو ر کمانڈر راولپنڈی ، وزیر اعظم آزادکشمیر ،سابق صدور، سابق وزیراعظم، ممبر قانون ساز اسمبلی، اعلیٰ عسکری ، سول و سیاسی قیادت، سماجی، مذہبی شخصیات نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے موقع پر مرحوم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ، تدفین کے بعد ان کے بیٹے وزیر حکومت چودھری یاسر سلطان کو قومی پرچم عطا کیا گیا۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میت کی آبائی گاؤں کھڑی شریف میں تدفین کردی گئی ۔