500افسران گریڈ19میں ترقی کے منتظر،ڈی ایس بی اجلاس چوتھی بار موخر
آفس مینجمنٹ کے 150، پاکستان ایڈمنسٹریٹو 250 ، پاکستان پولیس سروس کے 100 افسران کی ترقی مسلسل التوا کا شکار ڈی ایس بی اجلاس اب 13 فروری کو ہوگا، افسران کو وفاقی وزارتوں میں ڈپٹی سیکر ٹری اور گریڈ 19 میں ترقی دی جائیگی
اسلام آباد (نیوزرپورٹر) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ماتحت تین سروس کیڈر اور ایکس کیڈر کے افسران کی گریڈ 19 میں ترقی کے لیے ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ (ڈی ایس بی) کا اجلاس ایک بار پھر موخر کر دیا گیا ہے ۔ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 3 فروری کو طلب کیا گیا اجلاس چوتھی مرتبہ ملتوی کرتے ہوئے اب پانچویں بار نئی تاریخ 13 فروری مقرر کی ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈی ایس بی اجلاس اس سے قبل 10 دسمبر 2025، 23 دسمبر 2025، 6 جنوری 2026 اور 3 فروری 2026 کو بلانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے ، تاہم ہر بار اجلاس ملتوی ہوتا رہا۔ اب اجلاس کے انعقاد کے لیے 13 فروری کی تاریخ طے کی گئی ہے ۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ماتحت آفس مینجمنٹ سروس، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پاکستان پولیس سروس کے 500 سے زائد افسران گزشتہ ایک سال سے گریڈ 19 میں ترقی کے منتظر ہیں۔ ڈی ایس بی اجلاس میں آفس مینجمنٹ سروس کے سیکشن افسران کو وفاقی وزارتوں میں سیکریٹریٹ سروس کے تحت ڈپٹی سیکر ٹری کے عہدوں پر ترقی دی جاتی ہے ، جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پاکستان پولیس سروس کے افسران کو گریڈ 19 میں ترقی دی جاتی ہے ۔ڈی ایس بی اجلاس کے مسلسل التوا کے باعث آفس مینجمنٹ سروس کے تقریباً 150، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 250 کے قریب اور پاکستان پولیس سروس کے لگ بھگ 100 افسران تاحال گریڈ 19 میں ترقی کے منتظر ہیں۔ اجلاس کی صدارت سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بیرسٹر نیبل اے اعوان کریں گے ۔