بھارت، کالعدم بی ایل اے ایک سکے کے دورخ:خواجہ آصف

بھارت، کالعدم بی ایل اے ایک سکے کے دورخ:خواجہ آصف

لاپتہ افراد کا بیانیہ ٹوٹل فراڈ ،دہشتگردوں نے انسانی حقوق کا لبادہ بھی اوڑھ رکھا ہندوستان کوپھینٹی لگنے کے بعد سویلین کونشانہ بنایاجارہا ہے :میڈیا سے گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) وزیر دفاع  خواجہ آصف نے بھارت اورکالعدم بی ایل اے کو ایک سکے کے دو رخ قرار دے دیا،لاپتہ افراد کا بیانیہ ٹوٹل فراڈ ہے ،دہشتگردوں نے انسانی حقوق کا لبادہ بھی اوڑھ رکھا ہے ۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے  ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے 12 مختلف واقعات ہوئے ، ایک سال کے اندر کالعدم بی ایل اے کے نقصانات کو ریکورکرنے کے لئے یہ ٹارگٹ کیا گیا، ہندوستان اور کالعدم بی ایل اے ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، گزشتہ سال ہندوستان کوپھینٹی لگنے کے بعد سویلین کونشانہ بنایاجارہا ہے اور ان حملوں میں 2 جگہ خواتین کو استعمال کیا گیا، یہ ہمیں دوبارہ معاشی اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں، بی ایل اے ایک فارن فنڈڈ دہشت گرد تنظیم ہے ، یہ دیگرمما لک میں بھی ہے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ گرفتار دہشتگردوں کے بیانات بھارت سے روابط کے واضح ثبوت ہیں، ان کے ہینڈلرز افغانستان میں ہیں، سویلین آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا ، امن دشمن کسی رعایت کی توقع نہ رکھیں، سہولت کاروں کا بھی خاتمہ کریں گے ،انہوں نے انسانی حقوق کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے ۔

وزیردفاع نے کہا کہ لاپتا افراد کا بیانیہ مکمل فراڈ ہے ، ہلاک دہشت گرد مسنگ پرسنزکی فہرستوں میں نکلتے ہیں،مسنگ پرسن دبئی میں رہتے ہیں یا دہشتگردی کرتے ہیں جبکہ ان کے لواحقین لاپتہ افراد کا الاؤنس بھی لیتے ہیں اور یہ لوگ چھوٹے بچوں اور خواتین کو استعمال بھی کر رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کلیئرنس آپریشن میں مصروف ہیں ، بلوچستان کے طول و عرض میں امن قائم ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور افغانستان بی ایل اے اور ٹی ٹی پی جیسی فرنچائزز استعمال نہ کریں، ہم طویل عرصے سے ان کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، دہشتگردوں کا مکمل طور پر خاتمہ کریں گے ۔وزیردفاع نے کہاکہ سیاسی عناصر خاموشی اور مذمت نہ کرنے کی وجہ سے ایک قسم کے سہولت کار بن جاتے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی نے دہشتگردی کی مذمت کی جو اچھی بات ہے ،سہیل آفریدی کا صوبہ سب سے زیادہ دہشتگردی سے متاثر ہے ، دہشتگردی کے خلاف سیاسی قیادت میں کسی قسم کا اختلاف نہیں ہونا چاہئے ، دہشتگرد کارروائیوں میں تمام صوبوں کی بچیاں اور بچے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اپنے سیاسی مفادات سے بالا تر ہوکر مٹی سے محبت کو اولین ترجیح بنائیں۔ان کاکہناتھاکہ مودی اسرائیل کی خوشنودی، امریکا کی قربت کیلئے مجرے کراتا ہے اور خود بھی ڈانس کرتا ہے ، یہ میں نہیں کہہ رہا، ہندوستان کی کانگریس پارٹی کہہ رہی ہے ، ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان نے ہندوستان کے 7 جہاز گرائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں