پمز کے ڈاکٹرز کاعمران کی آنکھ کا آئندہ ہفتے فالو اپ معائنہ کا فیصلہ

پمز کے ڈاکٹرز کاعمران کی آنکھ کا آئندہ ہفتے فالو اپ معائنہ کا فیصلہ

دائیں آنکھ کے پیچھے ایک رگ بند تھی ،کھولنے کیلئے مخصوص انجکشن لگایا گیا رگ بند ہونے کی بظاہر وجوہات میں زیادہ عمر اور کولیسٹرول ہوسکتے ، ڈاکٹرز

اسلام آباد (ایس ایم زمان)پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم عمران خان کے آئندہ ہفتے آنکھ کے فالو اپ معائنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈاکٹرز نے تصدیق کی ہے  کہ عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی میں کمی واقع ہوئی ہے ۔پمز کے مطابق دائیں آنکھ کے پیچھے ایک رگ بند ہو گئی تھی جسے کھولنے کے لیے ایک مخصوص انجکشن لگایا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق آنکھ کی رگ بند ہونے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں زیادہ عمر، ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول شامل ہیں۔ عمران خان کی دائیں آنکھ میں رگ بند ہونے کی بظاہر وجوہات میں زیادہ عمر اور کولیسٹرول شامل ہیں۔ڈاکٹرز نے بتایا کہ عمران خان کا بلڈ پریشر اور شوگر نارمل ہے جبکہ کولیسٹرول معمولی حد تک نارمل رینج سے زیادہ ہے ۔ دائیں آنکھ کی بینائی بائیں آنکھ کی نسبت کم ہے ۔آنکھ کی رگ کھولنے کے لیے لگایا جانے والا انجکشن روٹین میں استعمال ہوتا ہے اور تقریباً 20 منٹ میں لگایا جاتا ہے ۔ انجکشن کے بعد آنکھ کو عموماً آدھے گھنٹے کے لیے سن رکھا جاتا ہے اور یہ میکرو بائیو سکوپ کے ذریعے لگایا جاتا ہے ۔ڈاکٹرز کے مطابق عام طور پر فالو اپ چیک اپ چار سے چھ ہفتے بعد کیا جاتا ہے تاکہ علاج کی کامیابی اور آنکھ کی صحت کا جائزہ لیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں