لگتا ہے ججوں نے ہاتھ کھڑے کردیئے ہیں، علیمہ خان

 لگتا ہے ججوں نے ہاتھ کھڑے کردیئے ہیں، علیمہ خان

مجھے معلوم ہے انہوں نے سزا ہی دینی ، میڈیکل رپورٹ ابھی تک نہیں ملی علیمہ خان کا 1 بینک اکاؤنٹ ڈی فریز، شناختی کارڈ بحالی کیلئے نادرا سے جواب طلب

اسلام آباد،راولپنڈی(خبرنگار،مانیٹرنگ ڈیسک)  بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے لاہور میں بسنت منائی جا رہی ہے اور بسنت کے دن آسمان بانی  پی ٹی آئی کی پتنگوں سے بھر جائے گا۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا لگتا ہے ججوں نے ہاتھ کھڑے کردئیے ہیں، ان کی شکلوں پر لکھا ہے وہ بے بس ہیں، غریب پولیس والوں کو زبردستی عدالت میں جھوٹ بلوایا جا رہا ہے ۔علیمہ خان نے کہا لوگوں کو عدالتوں سے انصاف کی توقع ہوتی ہے لیکن پیغام دیا جا رہا ہے موجودہ سسٹم میں عوام کی امید کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، ہم بھی عدالتوں میں پیش ہوکر وقت گزار لیتے ہیں، مجھے معلوم ہے انہوں نے سزا ہی دینی ہے ۔انہوں نے کہا لاہوریوں کو بانی پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے ، عمران خان وجہ سے ان کو لاہور میں بسنت منائی جا رہی ہے۔

عمران خان کی صحت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ڈاکٹر عاصم یوسف بانی کا میڈیکل چیک اپ کریں۔علیمہ خان نے کہا چیف جسٹس نے زبان دی تھی میڈیکل رپورٹ فیملی کو دی جائے گی لیکن ہمیں ابھی تک کوئی میڈیکل رپورٹ نہیں ملی۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے علیمہ خان کا 1 بینک اکاؤنٹ ڈی فریز کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔اے ٹی سی راولپنڈی میں جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت کی۔وکیل صفائی نے استغاثہ کے مزید 3 گواہان پر جرح مکمل کرلی۔نادرا حکام سے شناختی کارڈ ڈی فریز کرنے کے لیے جواب طلب کیا ہے ۔اے ٹی سی راولپنڈی نے مقدمے کی سماعت 9 فروری تک ملتوی کردی، علیمہ خان نے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کی یقین دہانی کرادی ہے ۔عدالت پیش ہونے پر علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں