اسرائیلی اقدامات ،پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کی مذمت

 اسرائیلی اقدامات ،پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کی مذمت

اسرائیلی صدر کا دورہ آسٹریلیا،ہزاروں افراد کا احتجاج،فلسطین کے حق میں نعرے

غزہ ،اسلام آباد،سڈنی(وقائع نگار،نیوز ایجنسیاں)پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات،  انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ مغربی کنارا میں غیرقانونی اسرائیلی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزرائے خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی غیرقانونی بستیوں میں اضافہ، مقبوضہ علاقوں پر خودساختہ قوانین نافذ کرنا اور فلسطینی عوام کو بے دخل کرنا بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ ان اقدامات سے خطے میں تشدد اور عدم استحکام بڑھ رہا ہے ۔ وزرائے خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو مقبوضہ علاقوں میں اشتعال انگیزی بند کرنے پر مجبور کرے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ یہ اقدامات دو ریاستی حل کے امکانات کو کمزور کر رہے ہیں۔

یورپی یونین نے بھی اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارا میں کنٹرول بڑھانے اور مزید بستیوں کے قیام کے اقدامات کی سخت مذمت کی ہے۔ واضح رہے اتوار کو اسرائیلی وزرا کی جانب سے منظور کئے گئے فیصلوں میں یہودی آبادکاروں کو مغربی کنارا میں زمین خریدنے کی اجازت دی گئی ۔اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کی آسٹریلیا آمد کے خلاف پیر کو ملک بھر میں ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکلے ۔ ہرزوگ آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی کی دعوت پر یہودی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے آسٹریلیا آئے ہیں،سڈنی میں مظاہرین نے فلسطین کے حق میں نعرے لگائے اور مرکزی چوک میں اجتماع کیا، پولیس نے مظاہرین کیخلاف آنسو گیس اور مرچوں کاا سپرے استعمال کیا ، 15 افراد گرفتار کر لئے گئے ۔احتجاج میں شریک بعض صحافی بھی پولیس کارروائی سے متاثر ہوئے ۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں مزید 6افراد کو شہید کر دیا ۔علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے لبنان کی سرحد عبور کر کے اسلامی جماعت کے ایک کارکن کو اغوا کر لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں