مقبوضہ کشمیر ایشو ،حکومت اوآئی سی اجلاس بلائے :جماعت اسلامی

 مقبوضہ کشمیر ایشو ،حکومت اوآئی سی اجلاس بلائے :جماعت اسلامی

بھارت کیخلاف سفارتی صف بندی، سلامتی کونسل میں مسئلہ زیربحث لائیں :قرارداد مجلس شوریٰ کا کسانوں کو درپیش مسائل پر بھی اظہار تشویش، سبسڈی دینے کا مطالبہ

لاہور(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بڑھتی بھارتی دہشت گردی اور ریاست کے مسلم تشخص کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی سربراہی کانفرنس کا اعلیٰ سطح کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد کرتے ہوئے بھارت کے خلاف بین الاقوامی سفارتی صف بندی کی جائے ، سلامتی کونسل میں بھی مسئلہ کو زیربحث لانے کاخصوصی اہتمام کیا جائے۔ مجلس شوریٰ نے کسان بورڈ کے مطالبات اور نئی بجٹ تجاویز کی بھی متفقہ قرارد اد کی صورت میں منظوری دیدی۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی مجلس شوریٰ کے منصورہ میں جاری اجلاس کے دوسرے روز مسئلہ کشمیر پر متفقہ قرارداد میں شدید تشویش کااظہار کیا گیا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر جامع رپورٹس کے باوجود بھارتی قابض افواج نے کشمیری مسلمانوں کا جینا دوبھر کردیا ، حریت پسند تنظیموں سے وابستہ افراد کے گھر گرائے جا رہے ہیں ،حریت لیڈر محمد یاسین ملک ،شبیر احمدشاہ ،ڈاکٹر عبدالحمید فیاض ،مسرت عالم کے علاوہ آسیہ اندرابی اور ان کے ہمراہ دیگر درجنوں خواتین سے دہلی کی تہاڑ جیل میں بدترین سلوک کیا جارہا ہے ۔ اردوزبان کو دیس نکالا دے کر ہندی کو بالجبر نافذ کیاجارہا ہے ، تاریخی مساجد کومندر ثابت کرکے گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ آرایس ایس کے انسانیت اورمسلم دشمن ایجنڈے کو بے نقاب کیاجائے ۔مزیدبرآں کسانوں کو درپیش مسائل پر متفقہ قرارداد میں کہا گیا کہ گزشتہ مالی سال 2025 بھی کسانوں کیلئے معاشی طور پر مشکل ترین رہا ،کھادوں کی قیمتوں میں 200 تا 300 فیصد اضافہ ہو چکا ، کھاد، بیج، زرعی ادویات، بجلی اور ڈیزل پر فوری سبسڈی دی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں