کوشش ہو رہی ہے خطے کو جنگ میں دھکیل دیا جائے ، اچکزئی
سلامتی کونسل کے ممالک تگڑے ، امن کیلئے اجلاس بلا کر بات کریں، میڈیا گفتگو سندھ میں سیاسی انتقام عروج پر ،377 پی ٹی آئی ورکرز کوگرفتار کیا گیا، اسد قیصر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کوشش ہو رہی ہے کہ ایران کے بہانے ہمارے خطے کو جنگ میں دھکیل دیا جائے ۔اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ دریائے سندھ کی دوسری جانب پشتون اور بلوچ علاقوں میں اس وقت کشیدگی ہے ، پارلیمنٹ میں اس دہشت گردی سے متعلق مسائل کو حل کرنا چاہیے ۔سنا تھا اسلام آباد حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے ، دہشت گردی تب شروع ہوئی جب روس کیخلاف افغانستان میں بین الاقوامی گروہوں کا ساتھ دیا۔اقوام متحدہ پاکستان افغانستان اور دیگر پڑوسی ممالک کی ایک مشترکہ کانفرنس بلائے ، دنیا کے ممالک کے سامنے افغانستان کو بٹھا کر اس سے سوال پوچھیں تاکہ وہ جواب دے ۔
سلامتی کونسل کے ممالک تگڑے ہیں خطے کے امن کیلئے اجلاس بلا کر بات چیت کریں۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے سندھ میں سیاسی انتقام عروج پر ہے ۔ 377 پی ٹی آئی ورکرز اور عہدیداروں کو غیرقانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔ گھروں پر چھاپے مارے گئے ، دروازے توڑے گئے ، خواتین سے بدسلوکی کی گئی اور اگر مطلوبہ شخص نہ ملا تو باپ یا بیٹا اٹھا لیا گیا۔اپنے ایکس بیان میں انہوں نے لکھا کیا یہی قانون کی حکمرانی ہے ؟ گزشتہ روز کراچی میں مشعل بردار ریلی سے واپسی پر سابق ایم پی اے راجا آذر اور سابق ایم این اے فہیم خان کو گرفتار کیا گیا اور انہیں کورنگی عوامی تھانے میں مبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ایم پی اے واجد حسین کو بھی تھانے میں تشدد کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے سندھ اسمبلی میں اپنے زخم دکھا کر اس ظلم کو بے نقاب کیا۔ سوال یہ ہے کہ کیا اختلافِ رائے جرم بن چکا ہے ؟ کیا پی ٹی آئی کارکن ہونا ناقابلِ معافی گناہ ہے ؟