کرپشن انڈیکس2025،پاکستان کی ایک درجہ بہتری،136ویں پوزیشن
مجموعی سکور پچھلے سال کے مقابلے 28 ہوگیا، انتظامیہ کیساتھ مقننہ،عدلیہ میں بھی بد عنوانی کے اشاریوں میں بہتری 2021تا 2025پاکستان میں بدعنوانی کے تاثر میں نمایاں کمی، پوزیشن 4درجہ بہترہوئی:ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل
اسلام آباد(دنیا نیوز)ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن پر سیپشن انڈیکس (سی پی آئی) 2025ء جاری کردیا۔ 2024ء کے مقابلے میں پاکستان کا مجموعی سکور ایک درجہ بہتری کے ساتھ 28 تک پہنچ گیا۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی تازہ ترین رپورٹ میں پاکستان نے ایک درجہ بہتری کے ساتھ 136 ویں پوزیشن حاصل کی ہے ، 2025ء میں بھی گزشتہ چار سالوں کی گُڈ گورننس اور مسلسل ادارہ جاتی اصلاحات کی وجہ سے پاکستان کے مجموعی سکور میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں نہ صرف پبلک سیکٹر اور انتظامی بدعنوانی بلکہ قانون ساز اداروں اور عدلیہ میں بدعنوانی کے اشاریوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔
2024ء کے مقابلے میں 2025ء میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں 2 مزید ممالک کا سروے بھی شامل کیا، 2024ء میں 180 جبکہ 2025ء میں 182 ممالک کا سروے کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق 2021ء سے 2025ء تک پاکستان میں بدعنوانی کے تاثر میں نمایاں کمی نوٹ کی گئی جبکہ گزشتہ 4 سالوں میں پاکستان کی پوزیشن میں 4 درجہ بہتری آئی۔اس سے پہلے دسمبر 2025ء میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے بھی اپنی سالانہ رپورٹ شائع کی تھی جس کے مطابق 3 میں سے 2 شہریوں کو سرکاری اداروں میں کبھی بھی بدعنوانی یا بے ضابطگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔