ہمارا اتنا پریشر نہیں کہ کچھ حاصل کر سکیں ،علی امین گنڈاپور
بات طاقتور کی مانی جا تی ،بانی پی ٹی آئی کی صحت بارے غلط معلومات دی گئیں
اسلام آباد (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارا پریشر اتنا تگڑا نہیں کہ ہم کچھ حاصل کر سکیں، یہ ہماری کمزوری ہے ، آج رہائی کی بجائے ملاقات تک کی نوبت آگئی ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح خیبر پختونخوا میں اکثریت کی حکومت ہے ، آپ زبردستی بھی بات منوا سکتے ہیں ، دنیا کا اصول ہے جو طاقتور ہوتا ہے اس کی بات مانی جاتی ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے میرا کوئی رابطہ نہیں نہ رابطے کی ضرورت ہے ۔
امید ہے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس سے کوئی رابطہ ہوا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق منافقت کی گئی پہلے غلط معلومات فراہم کی گئیں ، سلمان صفدر کی جب ملاقات ہوئی تو معلوم ہوا حالات اس قدر خراب ہو چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا ان کی مرضی کے معالجین سے علاج ہونا چاہیے ، ان سے ملاقاتوں کیلئے باقی جو لوگ جاتے تھے غلط بیانی کرتے تھے ۔ حکومت نے غلط بیانی کی، بانی پی ٹی آئی ٹیم لیڈر ہیں ان کا ہر فیصلہ ہمیں قبول ہے ۔ میرے 18ماہ کے دوران صرف چار ڈرون حملے ہوئے اب چند ماہ میں 34 ہوگئے ہیں ، میرے دور میں کوئی آپریشن نہیں ہوا ، میں نے جو بھی کیا خود کیا، کسی بیساکھی کی ضرورت نہیں تھی، صوبے کے چیف ایگزیکٹو کو کسی سہارے کی ضرورت نہیں ہونی چا ہیے ۔