سپریم کورٹ:عمران خان کو ایک اور ریلیف ،ہر جانہ کیس کا ٹرائل روکنے کا حکم:وزیراعظم کو نوٹس جواب طلب
عمران کو گولی لگی تھی،پیش نہ ہوسکے :وکیل علی ظفر،زخمی ہونا تسلیم کر کے حق دفا ع کیسے ختم کیا جاسکتا؟جسٹس عائشہ ملک بانی کیخلاف فارن فنڈنگ کیس میں سی ایف او پی ٹی آئی ،نجی بینک ملازم شامل تفتیش ،5مارچ تک چالان جمع کرانیکا حکم
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر،دنیا نیوز،ایجنسیاں) جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر ٹرائل کورٹ کو ہرجانہ کیس میں کارروائی سے روک دیا اور وزیراعظم شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔شہباز شریف کے ہرجانہ کیس پر سپریم کورٹ میں عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس عائشہ ملک نے کہا دوسری طرف سے کوئی نہیں آیا، اس مقدمہ میں میرا اختلافی نوٹ ہے ، دو جج صاحبان نے حق دفاع ختم کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا تھا۔ عمران خان کے وکیل علی ظفر نے کہاعمران خان کی ٹانگ میں گولی لگی تھی وہ زخمی ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکے تھے ، ٹرائل کورٹ نے عدم پیروی پر ان کا حق دفاع ختم کردیا تھا، اب مقدمہ میں گواہوں کے بیان ریکارڈ ہو رہے ہیں ،جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ کتنے ارب ہرجانے کا دعوی ہے ؟ علی ظفر نے بتایا کہ دس ارب روپے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
جسٹس عائشہ ملک نے کہا ٹرائل کورٹ نے حق دفاع ختم کرنے سے پہلے دو تاریخوں پر بانی کا زخمی ہونا تسلیم کیا، زخمی ہونا تسلیم کرنے کے بعد حق دفاع کیسے ختم کیا جا سکتا ہے ؟ ہم مقدمہ میں دوسرے فریق کو نوٹس کررہے ہیں۔شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیاجائے گا ۔ ادھرعمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، جس میں بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ملز موں کے خلاف 5 مارچ تک مکمل چالان جمع کروانے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت کے جج عبدالغفور کاکڑ کے روبرو کیس کی سماعت میں سپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک نے بتایا کہ اب 2 نئے ملزمان بھی تفتیش میں شامل ہوچکے ہیں،مکمل چالان ہی عدالت میں جمع کروائیں گے ۔جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا دوبارہ چالان کے لیے کتنی مہلت چاہیے ؟ جس پر سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت 10 سے 15 دن کا وقت دے ،بعد ازاں عدالت نے 5 مارچ تک مکمل چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا اور ملز موں سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت منظور کرلی اور سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی ۔