اسحاق ڈار کا بنگلہ دیشی وزیرخارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ
امن،استحکام،خوشحالی سمیت کئی دوسرے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ڈاکٹرخلیل الرحمن کو منصب سنبھالنے پر مبارکباددی
اسلام آباد(دنیا نیوز،آن لائن)پاکستان اور بنگلہ دیش نے امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن اور متعدد شعبوں اور بین الاقوامی فورمز میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیاہے ۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونک گفتگوہوئی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ڈاکٹر خلیل الرحمن کو بطور وزیر خارجہ تقرری پر مبارکباد دی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنما ئوں نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کا اظہار کیا۔ پاکستان،بنگلہ دیش وزرائے خارجہ نے امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر اتفاق کیا۔ ترجمان کے مطابق متعدد شعبوں اور بین الاقوامی فورمز میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نیویارک میں برطانوی وزیرِ خارجہ ایویٹ کوپر سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران ہوئی، جس میں اسحاق ڈار نے فلسطین کے حوالے سے اہم اجلاس بلانے پر ایویٹ کوپر کا شکریہ ادا کیا،دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کا مفصل جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔