ضرورت پڑی تو افغانستان میں پھر سٹرائیک کر ینگے :راناتنویر
ایران پر ممکنہ امریکی حملہ خطے میں بدامنی کا باعث بنے گا ،مسئلہ حل کیا جائے پاکستان کا پیس بورڈ میں شرکت کا مقصد غزہ کے عوام پر اسرائیلی بربریت روکنا
کالاشاہ کاکو (نامہ نگار ) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردی روکنے کی بار بار درخواست کی اب مجبوراً جوابی کارروائی کرنا پڑی ہے اور آئندہ بھی ضرورت پڑی تو افغانستان میں سٹرائیک کر ینگے ،ایران پر ممکنہ امریکی حملہ خطے میں بدامنی کا باعث بنے گا اس لئے مذاکرات سے مسئلہ حل کیا جائے ، پاکستان کا پیس بورڈ میں شرکت کا مقصد غزہ کے عوام پر اسرائیلی بربریت روکنا ہے ، باہر بیٹھنا کوئی حل نہیں ہم دنیا کے ساتھ مل کر غزہ کو پرامن بنائیں گے ۔ رانا فارم ہاؤس پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہماری ڈپلومیسی کلائمیکس پر ہے ،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی سفارتکاری سے دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے اور اب پاکستان بین الاقوامی سطح پر فیصلہ سازی میں شامل ہوچکاہے ، پاکستان میں دوبارہ دہشت گردی کی بنیاد عمران خان نے رکھی اورموجودہ لہر اسی کا شاخسانہ ہے ،پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں انتشاری ٹولہ ہے ، انکا وتیرہ ہے کہ ادارے اس کے ساتھ ہوں تو اچھے ورنہ بہت برے ہیں،جب پوری انتشاری پارٹی ریاست کا کچھ نہ بگاڑ سکی تو سہیل آفریدی کی رہائی فورس کیا کرے گی ؟،پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت اور افغانستان ملوث ہیں اور ہماری فورسز ان کا خاتمہ کرکے چھوڑیں گی ۔