قالینوں سمیت ویلیو ایڈڈ برآمدات کا فروغ اولین ترجیح ، جام کمال

 قالینوں سمیت ویلیو ایڈڈ برآمدات کا فروغ اولین ترجیح ، جام کمال

برآمد کنندگان کیلئے حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی، وزیر تجارت کارپٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ، مسائل سے آگا ہ کیا

 اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر تجارت جام کمال سے پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی اور ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں درپیش رکاوٹوں اور مسائل کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا ۔وزیر تجارت نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں سمیت ویلیو ایڈڈ برآمدات کو فروغ دینا وزارت تجارت کی اولین ترجیح ہے ۔ ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف عبداللطیف ملک اور سابق سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کو بنے نا مکمل قالینوں کی سپلائی کے خلل کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے برآمد کنندگان کو بین الاقوامی آرڈرز کی طے شدہ معاہدوں کے مطابق فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اس سے مسابقتی عالمی منڈیوں میں قیمتی مارکیٹ شیئر کم ہونے اور زرمبادلہ کو خطرات لا حق ہیں۔ وفد نے حکومت سے آپریشنل رکاوٹوں کو دور کرنے اور سپلائی چین کو ہموار کرنے کے لیے فوری مداخلت کی درخواست بھی کی ،انہوں نے وفد کو سپلائی کے مسائل حل کرنے اور برآمد کنندگان کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ کو مضبوط کیا جائے گا ،اس مقصد کے کیلئے حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں