تخریب کاری کے 3 ماہ بعدکیڈٹ کالج وانا میں تدریسی عمل بحال
تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانا نوجوان نسل کے مستقبل پر حملے کے مترادف:علاقہ مکین
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) قبائلی ضلع میں تعلیم دشمن عناصر کے حملے کے بعد متاثر ہونے والا کیڈٹ کالج وانا دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے، سکیورٹی حکام کے مطابق نومبر 2025میں ہونے والی تخریب کاری کے واقعے کے بعد قلیل مدت میں مرمتی کام مکمل کر کے تعلیمی سرگرمیاں بحال کر دی گئی ہیں،حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ (ساؤتھ)نے مشترکہ کاوشوں سے کالج کی عمارتوں کی مرمت اور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا، جس کے بعد طلبہ کی واپسی ممکن ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق تین ماہ کے اندر تدریسی عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا،کیڈٹ کالج وانا قبائلی اضلاع کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے والا اہم ادارہ سمجھا جاتا ہے ، مقامی عمائدین اور قبائلی مشران نے تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے فروغ سے ہی علاقے میں پائیدار امن اور ترقی کی راہ ہموار ہوگی،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانا نوجوان نسل کے مستقبل پر حملے کے مترادف ہے ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قبائلی عوام تعلیم دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔