پی آئی اے سمیت تمام ایئرلائنز کے مشرق وسطیٰ کیلئے آپریشنز معطل
کئی ایئرلائنز نے اپنی پروازیں منسوخ کر دیں یا دوسرے راستوں پر موڑ دیا
اسلام آباد،تہران ،لندن،دبئی (نیو ز ایجنسیاں) خطے میں سلامتی کے خدشات کے پیش نظر دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں نے مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک کیلئے اپنے فضائی آپریشنز معطل کرنے کا اعلان کیا ہے ، متعدد ایئرلائنز نے یا تو اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں یا انھیں دوسرے راستوں پر موڑ دیا گیا ہے ۔پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے خلیجی ممالک کے لیے اپنا فضائی آپریشن فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ایک اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی متحدہ عرب امارات، بحرین، دوحہ اور کویت کے لیے شیڈول تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں، یہ معطلی ابتدائی طور پر آج (اتوار) شام تک یا فضائی حدود کی بحالی تک نافذ العمل رہے گی۔
پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ سعودی عرب کے لیے شیڈول پروازیں اپنا آپریشن جاری رکھیں گی مگر حفاظت کے پیش نظر اُن کا روٹ تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب یہ پروازیں طویل راستوں سے ہوتی ہوئیں منزل مقصود تک پہنچیں گی۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے )نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود تمام سول ایوی ایشنزکے لیے مکمل طور پر دستیاب اور محفوظ ہے ۔قطر ایئرویز نے بھی تصدیق کی ہے کہ اُن کی دوحہ آنے اور جانے والی تمام پروازیں قطری فضائی حدود کی بندش کے باعث عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ایمریٹس ایئرلائن نے اپنی دبئی آنے اور جانے والی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ورجن اٹلانٹک، برٹش ایئرویز، وز ایئر کی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں ، کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ مالدیپ، انڈیا اور سعودی عرب جانے والی پروازوں کو متبادل راستوں کے باعث زیادہ وقت لگ سکتا ہے ۔
برٹش ایئرویز نے بدھ تک تل ابیب اور بحرین کے لیے پروازیں منسوخ کر دی ہیں ،وِز ایئر نے تصدیق کی ہے کہ اس نے اسرائیل، دبئی، ابوظہبی اور عمان کے لیے تمام پروازیں فوری طور پر معطل کر دی ہیں۔ لفتھانزا، ایئر انڈیا اور ترک ایئر لائنز نے بھی خطے کے لیے متعدد پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اسرائیل اور امریکا کے ایران پر حملے کے بعد غیرمعمولی صورتحال کے پیش نظرپاکستان ایئرٹریفک کنٹرولرز کو ملکی حدود کی کڑی نگرانی کی ہدایت کردی گئی۔ایئرٹریفک کنٹرولرز کو ایران افغانستان ریجن اور حدود کی نگرانی کی بھی ہدایت جاری کردی گئی۔ذرائع نے کہا کہ پاکستانی ایئرلائنزکو ایرانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ علاقائی ایئر سپیس کی صورتحال کے باوجود پاکستان کا ایئر سپیس مکمل طور پر فعال اور محفوظ ہے ۔