خامنہ ای کی شہادت پر ایران کا جوابی وار،اسرائیل،امریکا کا بھاری نقصان
رہبراعلیٰ کی شہادت کا 40روزہ سوگ ،7تعطیلات ،ہزاروں افراد اصفہان میں جمع ، عبوری قیادت تشکیل ،اسرائیلی فضائیہ کے تہران پر نئے حملے ،57افراد شہید،ایران نے سینکڑوں بیلسٹک میزائل اورڈرونز داغ دئیے امریکی اڈے اور خلیجی ممالک نشانہ ،3امریکی فوجی مارے گئے ، 9اسرائیلی ہلاک ،121 زخمی ، 40عمارتیں تباہ ، طیارہ بردار بحری جہاز ابراہام لنکن پرحملے کا دعویٰ،نئی ایرانی قیادت مذاکرات چاہتی ، ہم بھی تیارہیں :ٹرمپ
تہران(نیوز ایجنسیاں )ایران نے اپنے رہبر اعلٰی علی خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کے عزم کیساتھ مشرقِ وسطیٰ کے مختلف حصوں میں میزائل داغ دئیے جبکہ اسرائیل نے تہران پر نئے حملے کئے ہیں ۔آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی تصدیق کر تے ہوئے ایران بھر میں 40 روزہ سوگ اور 7 روزہ تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا جبکہ ایران نے عبوری قیادت تشکیل دیدی ۔ سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق مسلح افواج کے چیف آف سٹاف عبد الرحیم موسوی بھی حملوں میں مارے گئے ۔ قم میں واقع مسجد جمکران پر سرخ پرچم لہرا دیا گیا جو کہ انتقام کی علامت سمجھا جاتا ہے ۔
آیت اللہ علی خامنہ کی شہادت کی تصدیق کے بعد تاریخی شہر اصفہان میں ہزاروں افراد سپریم لیڈر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے جمع ہوگئے اورامریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اسرائیلی فضائیہ نے اتوار کو بھی تہران کے قلب میں نئی لہر کے حملے کئے ہیں جن میں مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹرز، سکیورٹی عمارتوں اور سرکاری مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق شہر بھر میں دھماکوں کی آوازیں گونج رہی ہیں اور آسمان پر دھواں چھایا ہوا ہے ۔ایران نے فوری اور شدید انتقام لیا ، سینکڑوں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے اسرائیل، امریکی فوجی اڈوں اور خلیجی ممالک پر حملے کئے گئے ۔
بیت شی میش (یروشلم کے قریب)میں ایرانی میزائل حملے میں 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ، تل ابیب اور دیگر علاقوں میں بھی شیلٹرز پر حملوں کی رپورٹیں ہیں، اسرائیل میں 40 عمارتوں کو نقصان پہنچا ۔ ایران نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن سمیت خلیج عمان میں امریکی اور اسرائیلی ٹھکانوں پر بھی حملوں کا دعویٰ کیا ہے ۔سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے اتوار کو ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور پرنس سلطان ایئر بیس پر داغے گئے ایرانی میزائلوں کو کامیابی سے روکا، جہاں امریکی فوجی بھی موجود ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایرانی حملوں میں اسرائیل میں 9 افرادہلاک اور 121 زخمی، کویت میں امریکی اڈے پر امریکاکے 3 فوجی ہلاک اور 5 زخمی ، متحدہ عرب امارات میں 3 افرادہلاک اور 58 زخمی، کویت میں ایک شخص 1 ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے ۔بحرین، قطر، عمان اور عراق میں بھی ہلاکتیں اور زخمی ہونے کی رپورٹس ہیں ۔ ایران نے 27 امریکی و اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا ۔ دبئی، کویت اور دیگر ہوائی اڈے بند کر دئیے گئے ۔
آبنائے ہرمز میں شپنگ معطل ہو گئی اور تیل کی عالمی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ایرانی ڈرون حملے نے ابوظہبی کے ایک بحری اڈے میں آگ لگا دی لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے سرکاری ٹی وی پراپنے ویڈیو پیغا م میں کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہای کا قتل مسلمانوں کے خلاف جنگ کا اعلان ہے اور انہوں نے انتقام لینے کا عزم ظاہر کیا۔بعد ازاں ایرانی سکیورٹی سربراہ علی لاریجانی نے وعدہ کیا کہ وہ امریکہ اور اسرائیل پر ایسی طاقت سے حملہ کریں گے جو پہلے کبھی دیکھی نہیں گئی۔اسی دوران آیت اللہ علی رضا عرافی کو عبوری قیادت کونسل میں شامل کیا گیا، جس میں صدر اور عدلیہ کے سربراہ بھی شامل ہیں۔
یہ کونسل ملک کی قیادت سنبھالے گی جب تک نیا مستقل سپریم لیڈر منتخب نہیں ہو جاتا۔ اسرائیلی میڈیا نے ایران کے 40 سے زیادہ حکام قتل کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے ہفتہ کو ایران پر اپنے پہلے حملے میں ایک منٹ میں 40 ایرانی کمانڈرز کو ہلاک کیا تھا۔اسرائیلی فوج نے تقریباً ایک لاکھ ریزرو فوجیوں کو ڈیوٹی پر بلا لیا ہے ، اتوار کو تہران پر 60 حملے ہوئے جن میں 57 افراد شہید ہوئے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این بی سی کو بتایاکہ آپریشن شیڈول سے آگے ہے ، 48 ایرانی رہنما مارے گئے ۔ ٹرمپ کا کہنا تھا ایران کی ممکنہ نئی قیادت کے اشاروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ امریکاکے ساتھ مذاکرات چاہتے ہیں اور وہ بھی بات چیت کیلئے تیار ہیں۔