ملک بھر میں 15مارچ کو یومِ تحفظِ ناموسِ رسالت منانے کا فیصلہ

ملک بھر میں 15مارچ کو یومِ تحفظِ ناموسِ رسالت منانے کا فیصلہ

وزارت مذہبی امور کے وفاقی و صوبائی اداروں ، علما کرام اور تنظیموں کو خطوط ارسال مہم کا بنیادی مقصد عوام میں متنازع مواد کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے ، مراسلہ

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے توہین آمیز مواد کے سدِ باب اور عوامی آگاہی کے لیے ملک بھر بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سرکاری طور پر 15مارچ کو یومِ تحفظِ ناموسِ رسالت منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے یہ دن بھرپور انداز سے منانے کے لیے تمام صوبائی حکومتوں، متعلقہ وفاقی وزارتوں اور ذیلی اداروں کو باقاعدہ مراسلے ارسال کر دیئے گئے ہیں۔یہ فیصلہ لاہور  ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے اس تاریخی حکم کی تعمیل میں کیا گیا ہے جس میں سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر موجود متنازع اور توہین آمیز مواد کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی گئی تھی ۔ عدالتِ عالیہ کے احکامات کی روشنی میں حکومت نے ایک جامع آگاہی مہم کا فریم ورک تیار کیا ہے تاکہ مقدس ہستیوں کی ناموس کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔وزارت کے مراسلے میں بتایا گیا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد عوام میں متنازع مواد کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے ، جس کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی کو متحرک کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ اس سلسلے میں صوبائی سیکرٹریز مذہبی امور و اوقاف کو جمعہ کے خطبات کے ذریعے آگاہی پیدا کرنے ، تمام تعلیمی اداروں میں خصوصی مہم چلانے اور پرنٹ، الیکٹرانک و سوشل میڈیا کے ذریعے توہین آمیز مواد کے سدباب کے لیے بھرپورتشہیر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔وزارتِ مذہبی امور نے اس سلسلے میں وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ، وزارتِ داخلہ اور وزارتِ اطلاعات و نشریات کو عملی اقدامات کے لیے خطوط ارسال کر دیئے ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں