ایران پر حملہ امت کیخلاف اعلان جنگ، اسرائیل ہمارے بارڈرز تک پہنچ جائیگا : راجہ ناصر عباس
آیت اللہ خامنہ ای کو دفتر میں شہید کیا گیا جو ایک ناقابل معافی جرم ہے ، امریکا نے امت کو بہت بڑا نقصان پہنچایا دنیا میں عدم استحکام کی ذمہ دار ایک طاقتور شخصیت ہے جو طاقت کے بل بوتے پر مظالم کر رہی :سینیٹ میں خطاب
اسلام آباد(وقائع نگار)ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران ایک مضبوط دیوار ہے اگر یہ گر گئی تو اسرائیل ہمارے بارڈرز تک پہنچ جائے گا۔ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت شروع ہوا،اجلاس میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے دعائے مغفرت کرائی اور اپنے خطاب میں امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو ان کے دفتر میں شہید کیا گیا جو ایک ناقابل معافی جرم ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں عدم استحکام کی ذمہ دار ایک طاقتور شخصیت ہے جو طاقت کے بل بوتے پر مظالم کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران کو مذاکرات کا مشورہ دیا گیا تھا جسے ایران نے قبول کیا اور جنیوا میں مذاکرات اچھے انداز میں جاری تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نے گریٹر اسرائیل کا اعلان کیا ہے ، اور امریکی عہدیداروں کے بیانات سے ظاہر ہے کہ وہ خطے پر قبضے کی خواہش رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل جیسے ادارے کمزور کر دئیے گئے ہیں، اب ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہشات چل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای اور امام خمینی نے کیمیائی ہتھیار نہ بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن امریکہ اور اسرائیل کی باتوں پر اعتبار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں اہل تشیع ان کی پیروی کرتے ہیں، انہیں شہید کرنا ویٹیکن سٹی کے پوپ کو شہید کرنے جیسا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران ایک مضبوط دیوار ہے اگر یہ گر گئی تو اسرائیل ہمارے بارڈرز تک پہنچ جائے گا۔ یہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای اپنے دفتر میں شہید ہوئے ، وہ کہیں نہیں بھاگے ’ امریکہ نے امت مسلمہ کو بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے ۔انہوں نے حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ امت مسلمہ کے خلاف اعلان جنگ ہے ۔بعدازاں چیئرمین سینیٹ نے اجلاس آج منگل کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔