سینیٹ:مشکوک شناختی کارڈز60 دن کیلئے ضبط کرنیکا بل پیش

 سینیٹ:مشکوک شناختی کارڈز60  دن کیلئے ضبط کرنیکا بل پیش

اسلام آباد (حریم جدون)حکومت نے نادرا آرڈیننس 2000 میں اہم ترامیم کیلئے سینیٹ میں ایک نیا بل پیش کیا ہے ، جس کے تحت نادرا کو شناختی کارڈز بلاک اور ضبط کرنے کے وسیع اختیارات دینے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔

 بل کے مطابق مشکوک شناختی کارڈز کو 60 روز تک ضبط کیا جا سکے گا جبکہ تصدیقی رپورٹ آنے تک کارڈ نادرا کی تحویل میں رہے گا۔ترمیمی بل میں اشتہاری اور روپوش ملزمان کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کی واضح شق بھی شامل کی گئی ہے ۔ حکومتی مؤقف ہے کہ شناختی کارڈ کا غلط استعمال قومی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے اور بعض عناصر قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے شناختی نظام کا سہارا لیتے ہیں، جس کا راستہ روکنا ناگزیر ہو گیا ہے ۔تاہم حکومت نے یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ نئے اختیارات لامحدود نہیں ہوں گے ۔شناختی کارڈ بلاک کرنے سے قبل متعلقہ شہری کو تحریری نوٹس دینا لازمی قرار دیا گیا ہے اور اسے صفائی پیش کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں