کاروباری برادری یو اے ای سے سرمایہ واپس لائے :ایس ایم تنویر
پاکستان کو معاشی استحکام حاصل کرنے کیلئے سپورٹ کی ضرورت ہے :بیان
لاہور(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے ممتاز رہنما و یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے پاکستانی سرمایہ کاروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے اپنی سرمایہ کاری واپس لائیں اور پاکستان میں دوبارہ سرمایہ کاری کریں۔اب وقت آگیا وہ اپنی سرمایہ کاری کو آبائی ملک میں بھیجیں، بجائے اس کے کہ انہیں تنازعات سے دوچار انتہائی غیر مستحکم خطے میں رکھا جائے ۔
انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں سے حب الوطنی کی اپیل کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو معاشی استحکام حاصل کرنے کیلئے آپ کی سپورٹ کی ضرورت ہے ،وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی ٹوٹ پھوٹ کا شکار معیشت کی تعمیر نو کیلئے گزشتہ دو سالوں میں انتھک محنت کی ،ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے ان کی لگن اور عزم قابل تعریف ہے ، اب یہ کاروباری برادری پر منحصر ہے وہ اپنا کردار ادا کرے ،پاکستان میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں۔ ایس ایم تنویر نے پاکستانی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ تیزی سے کام کریں اور پاکستان میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ آپ کے ملک کو آپ کی سرمایہ کاری، مہارت اور آپ کے اعتماد کی ضرورت ہے ۔